وقت آنے پر نام لوں گا، نواز شریف

مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف  دھرنے دیے نہیں گئے بلکہ دلوائے گئے تاہم میں گھبرانے والا نہیں ہوں وقت آنے پر کرداروں کے نام لوں گا ۔

احتساب عدالت کے کمرے میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف گندی زبان والی جماعت ہے، یہ پگڑی اچھال پارٹی ہے جس کا نہ تو کوئی کردار ہے اور نا ہی نظریہ ۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف امپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے والی پارٹی ہے، اس کا عوام کے ووٹ کو عزت دینے پر یقین نہیں ۔

نواز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف دھرنے دو جماعت ہے، خیبر پختونخوا میں ان کو موقع ملا اب وہاں نیا کے بجائے پرانا پاکستان نظر آتا ہے، خیبر پختونخوا میں کوئی کام نہیں ہوا،  میرا نہیں خیال کہ کوئی خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہو ۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے خلاف دھرنے دیے نہیں گئے بلکہ دلوائے گئے، ان دھرنوں میں بڑے کردار ہیں، ایک عمران خان اور دوسرے طاہرالقادری ہیں مگر کچھ اور کردار بھی ہیں، گھبرانے والا نہیں ہوں وقت آنے پر نام لوں گا ۔

متعلقہ مضامین