پاکستان

کمانڈو مشرف کیوں خوفزدہ ہے؟ چیف جسٹس

جون 13, 2018 2 min

کمانڈو مشرف کیوں خوفزدہ ہے؟ چیف جسٹس

Reading Time: 2 minutes

سپریم کورٹ نے سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے کل دوپہر 2 بجے تک کی مہلت دے دی ہے، چیف جسٹس نے مشرف نااہلی فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف کل 2 بجے تک آجائیں ورنہ قانون کے مطابق فیصلہ کر دیں گے_ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ سپریم کورٹ واپسی کے لیے مشرف کی شرائط کی پابند نہیں_

مشرف کے وکیل کی استدعا پر چیف جسٹس نے کہا کہ پہلے کہہ چکے ہیں کہ پرویز مشرف وطن واپس آئیں انہیں تحفظ دیں گے لکھ کر گارنٹی دینے کے پابند نہیں_ چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف کمانڈو ہیں تو آ کر دکھائیں سیاستدانوں کی طرح میں آ رہا ہوں کی گردان مت کریں، پرویز مشرف واپس نہ آئے تو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال نہیں ہونے دیں گے، مشرف کو کس بات کا تحفظ چاہئے، کس خوف میں مبتلا ہیں _

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اتنا بڑا کمانڈو خوف کیسے کھا گیا، اتنا بڑا ملک ٹیک اوور کرتے وقت خوف نہیں آیا_ چیف جسٹس نے کہا کہ مشرف تو کہتے تھے کہ وہ کئی بار موت سے بچے لیکن خوف نہیں کھایا _ وکیل نے کہا کہ مشرف کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا ہے، ان کو رعشہ (ہاتھ کانپنے) کی بیماری ہے_ چیف جسٹس نے کہا کہ مشرف رعشہ کا مسئلہ ہے تو انتخابات میں مکہ کیسے دکھائیں گے، مشرف واپس آئیں قانون، عوام اور عدلیہ کا سامنا کریں، عدالت جائزہ لے گی کہ مشرف کو واپس آنے جانے کی اجازت کب دینی اور ای سی ایل میں نام ڈالنا ہے یا نہیں_

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ مشرف آئیں اور غداری کے مقدمے کا سامنا کریں، سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی_ چیف جسٹس نے کہا کہ واضح کرتا ہوں یہ اجازت حکومت کی جانب سے دی گئی تھی، سپریم کورٹ کے فیصلے کو غلط انداز سے بیان کیا گیا، حکومت نے ہی مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالا، فل بنچ کا فیصلہ پرویز مشرف کے راست کی رکاوٹ ہے_ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر اس رائے سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے تو پرویز مشرف کی درخواست کا فیصلہ کر دیا جائے گا _

اس سے قبل مشرف کے وکیل نے کہا کہ بغاوت کے مقدمے کا سامنا کرنے کو تیار ہیں جان کے تحفظ کی ضمانت دی جائے، پرویز مشرف کو رعشہ کی بیماری ہے میڈیکل بورڈ ہونا ہے _

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ پرویز مشرف ائیر ایمبولینس میں آجائیں ہم میڈیکل بورڈ بنا دیتے ہیں_ وکیل نے کہا کہ 2013 انتحابات میں میرے کاغذات نامزدگی کو سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مسترد کیا گیا، ہائیکورٹ نے میری غیر موجودگی میں فیصلہ سنایا، پرویز مشرف کے کاغزات نامزدگی منظور کئے جائیں _

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے