پاکستان پاکستان24

نواز ۔ مریم کیلئے ای سی ایل نہیں

جون 21, 2018 2 min

نواز ۔ مریم کیلئے ای سی ایل نہیں

Reading Time: 2 minutes

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل نہیں کیا جائے گا ۔ اس بارے میں نگران وزیر قانون علی ظفر نے میڈیا کو بتایا ۔ انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے نیب کی درخواست پر غور و خوص جاری ہے تاہم نواز شریف اور ان کی بیٹی جب وطن واپس آئیں گے تو اس معاملے کو دیکھا جائے گا ۔

وزیر قانون نے کہا کہ کسی بھی شخص کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کو کرنا ہوتا ہے تاہم بلیک لسٹ میں نام شامل کرنے کے لیے کابینہ کی منظوری کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ اُنھوں نے کہا کہ اگر کسی شخص کا نام ای سی ایل پر آ جائے تو اسے کابینہ ہی نکال سکتی ہے ۔ علی ظفر نے کہا کہ الیکشن دیکھنے میں بھی صاف شفاف نظر آنے چاہئیں اور اگر کوئی شخص متنازع ہے تو اسے ہٹانا چاہیے چاہے وہ گورنر ہی کیوں نہ ہوں ۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا ۔ خط میں کہا گیا تھا کہ چونکہ ان تینوں ملزمان کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں زیر سماعت مقدمات اپنے حتمی مراحل میں ہیں، اس لیے اُنھیں خطرہ ہے کہ ملزمان ان ریفرنس کے فیصلے سے قبل ہی بیرون ملک فرار نہ ہو جائیں ۔

نواز شریف اور مریم نواز اس وقت لندن میں ہیں جہاں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز زیرعلاج ہیں اور ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے ۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کو 24 جون تک حاضری سے استثنی دے رکھا ہے ۔

 

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے