کھیل

پاکستان نے آسٹریلیا کو ہرا دیا

جولائی 5, 2018 2 min

پاکستان نے آسٹریلیا کو ہرا دیا

Reading Time: 2 minutes

زمبابوے میں جاری سہ ملکی ٹی 20 کرکٹ سیریز کے پانچویں میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیدی ہے ۔ پاکستان کی جانب سے 195 رنز کے بڑے ہدف کے جواب میں آسٹریلیا مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 149 ہی رنز بنا سکا ۔

پاکستان کی طرف سے بائیں ہاتھ کے طویل قامت فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین آسٹریلوی بلے بازوں کو آؤٹ کیا، جب کہ فہیم اشرف، عثمان شنواری، محمد عامر اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ آسٹریلیا کی جانب سے کوئی بلے باز بھی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ ٹاپ سکورر ایلکس کیری رہے جنھوں نے 37 رنز بنائے جبکہ اوپنر ڈی ایم شارٹ نے 28 رنز بنائے ۔ پاکستان نے فخر زمان اور آصف علی کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے ۔

اس میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو پاکستانی اوپننگ جوڑی ٹیم کو ایک اچھا آغاز دینے میں ناکام رہی۔ آسٹریلیا کو جب پہلی کامیابی حارث سہیل کی وکٹ کی صورت میں ملی تو پاکستان کا مجموعی سکور صرف آٹھ رنز تھا ۔ اس کے بعد اس سیریز میں پاکستان کے ان فارم بلے باز فخر زمان نے حسین طلعت کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 72 رنز کی اہم شراکت قائم کی ۔ فخر زمان 42 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے ۔ اس اننگز کے دوران انھوں نے رواں برس ٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بننے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ۔

فخر کے آؤٹ ہونے کے بعد آصف علی نے 18 گیندوں پر دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 37 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کا سکور 195 تک پہنچا دیا ۔ آسٹریلیا کی جانب سے ٹائے تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ اس ٹورنامنٹ میں یہ دونوں ٹیموں کا آپس میں دوسرا میچ تھا آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے میچ میں ایرون فنچ کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی ۔

آئی سی سی کی ٹی 20 عالمی رینکنگ کی فہرست میں پاکستان 131 پوائنٹس کے ساتھ عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے اور آسٹریلیا صرف پانچ پوائنٹس کی کمی سے دوسرے نمبر پر ہے ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے