کھیل

کروشیا کامیاب، انگریز ہار گئے

جولائی 12, 2018 2 min

کروشیا کامیاب، انگریز ہار گئے

Reading Time: 2 minutes

اٹھائیس سال بعد فٹبال ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی انگلش ٹیم ہار گئی ۔ روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں کروشیا نے انگلینڈ کو دو ایک سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ۔ فرانس پہلے ہی عالمی کپ کے فائنل میں پہنچ چکا ہے ۔

ماسکو میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے میچ کے پانچویں منٹ میں گول کر کے کروشیا پر برتری حاصل کر لی۔ انگینڈ کے کھلاڑی کیرن ٹریپیئر نے فری کک پر شاندار گول کیا تو کروشیا کی ٹیم میچ کے ابتدا میں ہی دباؤ میں آ گئی ۔ میچ کے پہلے ہاف میں کروشیا برتری ختم کرنے میں اور انگلینڈ برتری دگنی کرنے میں ناکام رہا لیکن دوسرے ہاف میں میچ کے 68 منٹ میں کروشیا کے ایوان پریشیچ نے گول کر کے انگینڈ کی برتری ختم کر دی ۔

دوسرے ہاف میں کروشیا کی ٹیم نے زیادہ جارحانہ انداز اپنایا جبکہ انگلینڈ نے قدرے دفاعی حکمت عملی اپنا رکھی تھی۔ میچ کے مقررہ وقت کے اختتام پر دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کر رکھا تھا اس وجہ میچ اضافی وقت میں چلا گیا جس کے پہلے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں کو گول کرنے میں کامیابی نہیں ملی ۔ اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں اور میچ کے مجموعی طور پر 109ویں منٹ میں کروشیا کے ماریو ماندزوکیچ نے انگلینڈ کے دفاعی حصار کو توڑتے ہوئے شاندار گول کر دیا۔

اس گول کے بعد میچ کے ختم ہونے میں چند منٹ ہی باقی تھے اور اس نے بھرپور کوشش کی کہ گول کا خسارہ ختم کیا جا سکے لیکن کروشیا کے عمدہ دفاع کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو سکا ۔

یاد رہے کہ کروشیا نے 1998 میں آخری بار سیمی فائنل کھیلا تھا جہاں اسے فرانس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب 2018 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں فرانس ہی اس کے مدمقابل ہے ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے