پاکستان

زرداری نے کارروائی شروع کر دی

جولائی 30, 2018 1 min

زرداری نے کارروائی شروع کر دی

Reading Time: 1 minute

پیپلز پارٹی کے وفد نے سینیٹر حاصل بزنجو سے ملاقات کی ہے۔ فریقین نے پارلیمنٹ میں جانے اور مؤثر اپوزیشن کا کردار نبھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں موثر اپوزیشن سے ہی ہم بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں جبکہ خورشید شاہ نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کے پاس اکثریت ہے تو اسے حکومت بنانی چاہئے، ہم موثر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے ۔

سید خورشید احمد شاہ، سیدیوسف رضا گیلانی، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، اور چوہدری منظور پر مشتمل پیپلز پارٹی کے وفد نے پارلیمنٹ لاجز میں سینیٹر حاصل بزنجو سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں عام انتخابا ت کے بعد بننے والی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم تمام سیاسی جماعتوں سے اس حوالے سے اپنا مشاورتی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں ۔اگر تحریک انصاف کے پاس اکثریت ہے تو اسے حکومت بنانی چاہئے، ہم موثر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر حا صل بزنجو کا کہنا تھا کہ ہمیں پارلیمنٹ جانا چاہئے، زرداری اور بلاول کے فیصلے سے متفق ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو ایک پیج پر آنا ہوگا ۔جب اپوزیشن مضبوط ہوگی تو ہی بہترین اپوزیشن کا کردار ادا کرسکتے ہیں، مزاحمت باہر کی بجائے پارلیمنٹ کے اندر کرنا چاہئے ۔انھوں نے کہا کہ اے پی سی میں حلف نہ لینے کا فیصلہ ایک رائے آئی تھی متفقہ رائے نہیں تھی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سابق صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کاپیغام لے کر میر حاصل بزنجو کے پاس آئے تھے ۔ہم چاہتے ہیں ہمیں پارلیمنٹ میں جاکر موثر کردار ادا کرنا چاہئے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے