کالم

عمران خان کی نااہلی کی درخواست

جولائی 31, 2018 2 min

عمران خان کی نااہلی کی درخواست

Reading Time: 2 minutes

اسلام آباد ہائی کورٹ سے
اویس یوسف زئی سے

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کر دی گئی ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے اپنے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے اور صرف دو بیٹوں سمیت ایک اہلیہ کو زیر کفالت ظاہر کیا جس میں ان کی بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کا ذکر نہیں۔ عمران خان کو درخواست پر فیصلے تک ممکنہ طور پر وزارت عظمی کا حلف اٹھانے سے روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

شہدا فاؤنڈیشن کے حافظ احتشام نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کی ہے جس میں وفاق، اسپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن، وزارت خارجہ، عمران خان اور ریحام خان کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان 5حلقوں سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے مگر وہ آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت اہل نہیں ۔ انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے اور صرف دو بیٹوں سمیت ایک اہلیہ کو زیر کفالت ظاہر کیا۔ کاغذات نامزدگی میں ان کی مبینہ ناجائز بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کا ذکر نہیں کو 1992 میں امریکی خاتون سیتا وائٹ سے شادی کے بغیر پیدا ہوئی۔عمران خان نے بھی امریکی عدالت کے سامنے ٹیریان کا باپ ہونے سے انکار نہیں کیا۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے بھی اپنی کتاب میں عمران خان پر سنگین الزامات لگائے اور یں انکشاف کیا کہ عمران خان کے کئی خواتین کے ساتھ جنسی تعلقات رہے۔ ریحام خان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ٹیریان جیڈ وائٹ کے علاوہ بھی عمران خان کے پانچ ناجائز بچے ہیں۔ ریحام خان کی کتاب میں عمران خان پر امریکا اور یہودی لابی سے تعلقات اور ان سے ہدایات لینے کا الزام بھی لگایا گیا۔عمران خان پر تحریک انصاف کی خواتین کو ہراساں کرنے کا الزام بھی ہے۔ ریحام خان نے اپنی کتاب پر عمران خان پر منشیات کے استعمال اور کثرت سے کوکین پینے کا الزام بھی عائد کیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وفاقی حکومت کو لاس اینجلس کورٹ کا عمران خان کے خلاف ٹیریان کیس کا مصدقہ ریکارڈ حاصل کر کے پیش کرنے ، ریحام خان کو کتاب میں عائد الزامات کا ثبوت پیش کرنے جبکہ منشیات کے استعمال کی تحقیقات کے لیے عمران خان کا میڈیکل ٹیسٹ کرانے کی خاطر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے احکامات جاری کرے۔

پاکستان جسٹس و ڈیموکریٹک پارٹی کے عبدالوہاب بلوچ کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کی درخواست پہلے ہی اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے اور عدالت نے عمران خان کو نوٹس جاری کر کے یکم اگست تک جواب طلب کر رکھا ہے ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے