متفرق خبریں

ایاز صادق کی اوقات یہ ہیں، الیکشن کمشنر

اگست 9, 2018 2 min

ایاز صادق کی اوقات یہ ہیں، الیکشن کمشنر

Reading Time: 2 minutes

چیف الیکشن کمشنر نے اسپیکر ایاز صادق کے خلاف درخواست سنتے ہوئے طنز کیا ہے کہ کل تک ہمیں اوقات سے زیادہ ملنے کی بات کرنے والے کی اپنی اوقات یہ ہے . یاد رہے کہ تحریک انصاف کو ووٹ دینے والے پنجابیوں کو بے غیرت کہنے پر ایاز صادق نے الیکشن کمیشن میں اپنے وکیل کے ذریعے معافی نامہ جمع کرایا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے یہ طنز کیا .
الیکشن کمیشن نے نازیبا زبان استعمال کرنے پر عمران خان، فضل الرحمن، پرویز خٹک اور ایاز صادق کی معافی قبول کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے نوٹی فکیشنز جاری کرنے کا حکم دیا ہے ۔

الیکشن کمیشن میں نازیبا زبان استعمال کرنے پر چار سیاسی رہنماؤں کے خلاف نوٹسز کی سماعت ہوئی۔ چاروں سیاست دانوں کی جانب سے ان کے وکلا پیش ہوئے۔ عمران خان کی جانب سے بابر اعوان پیش ہوئے اور تحریری جواب جمع کرایا جس میں عمران خان نے مخالفین کو گدھا کہنے پر غیر مشروط معافی مانگ لی ۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے وکیل نے بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر معافی نامہ جمع کرایا ۔ سابق وزیراعلی خیبرپختون خوا پرویز خٹک کے وکیل نے تحریری معافی نامہ اور معافی مانگنے والا ویڈیو بیان جمع کرایا ۔ ایاز صادق کی جانب سے بھی وکیل نے ان کا معافی نامہ جمع کرایا ۔
الیکشن کمیشن نے چاروں سیاست دانوں کی غیر مشروط معافی قبول کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے ان رہنماؤں کو ایسی زبان اور الفاظ استعمال کرنے سے گریز کرنے کے لیے متنبہ کرتے ہوئے کہا آئندہ ایسی کوئی بات برداشت نہیں کی جائے گی اور سخت کارروائی کی جائے گی ۔

یاد رہے کہ عمران خان نے وطن واپسی پر نوازشریف کے استقبال کے لیے لاہور ائرپورٹ جانے والوں کو گدھا کہا تھا ۔ پرویز خٹک کی جانب سے پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی تھی ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے