پاکستان پاکستان24

تاخیری حربے، نیب پراسیکیوٹر کو جرمانہ

اگست 16, 2018 2 min

تاخیری حربے، نیب پراسیکیوٹر کو جرمانہ

Reading Time: 2 minutes

ایون فیلڈ ریفرنس کی سزا معطلی کیلئے نواز شریف اور مریم نواز کی دائر اپیلوں کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرنے پر ہائیکورٹ نے قومی احتساب بیورو کے پراسیکیوٹر کو دس ہزار جرمانہ کر دیا ۔ عدالت نے نیب کی پیرا وائز دلائل جمع کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے دو دن میں جمع کرانے اور پیر کو دلائل دینے کا حکم دیا ہے ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی عدالتی بنچ نے ایون فیلڈ ریفرنس کے ملزمان کی سزا معطلی کیلئے دائر درخواستوں کی سماعت کی ۔ سماعت کے آغاز پر ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل نیب نے تحریری دلائل جمع کرانے کی مہلت مانگی ۔ عدالت نے جوابی دلائل شروع کرنے کا کہا تو سردار مظفر بولے کہ انہیں پراسکیوٹر جنرل نیب نے پیرا وائز دلائل کی ہدایات دی ہیں ۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ایسا ہے تو پراسکیوٹر جنرل نیب خود آ جاتے، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ایک طرف سے دلائل آ گئے اور آپ اب وقت مانگ رہے ہیں ۔ سردار مظفر نے کہا مجھے یہی ہدایات دی گئیں، میں کیس سے علیحدہ ہو جاتا ہوں ۔

پراسیکیوٹر سردار مظفر کے جواب پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ کو چالاکی پر مبنی ہدایات دی گئی ہیں، التواء کا کوئی گراؤنڈ ہوتا ہے، آپ کس بنیاد پر مقدمہ ملتوی کرنے کیلئے کہہ رہے ہیں ۔ جسٹس میاں گل حسن نے استفسار کیا کہ سردار صاحب، آپ محترم ہیں، لیکن کوئی طریقہ ہوتا ہے، کیا نیب آپ پر اعتماد نہیں کر رہا؟ دلائل نہ دینا آپ کے لیے شرمندگی کا باعث بنے گا ۔ جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ 18 سال کی پریکٹس میں ایسی کوئی مثال نہیں دیکھی، آپ صرف چیئرمین نیب کے کہنے پر سماعت ملتوی کا کہہ رہے ہیں؟ یہ روایت کے خلاف ہے ۔

خواجہ حارث نے کیس ملتوی کرنے کی استدعا پر اعتراض کیا تو پراسکیوٹر سردار مظفر نے کہا کہ آپ بات نہ کریں، میں عدالت سے استدعا کر رہا ہوں ۔ خواجہ حارث نے کہا کہ میں (نواز شریف) سلاخوں کے پیچھے ہوں، کیسے بات نہ کروں؟ ملزمان کے وکیل کے اعتراض پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ڈی جی نیب کو طلب کر لیتے ہیں ۔ نیب پراسکیوٹر نے کہا وہ ایک اور کیس کے سلسلے میں مصروف ہیں ۔

عدالت نے غیر ضروری التوا مانگنے اور دلائل نہ دینے پر نیب کے پراسیکیوٹر کو دس ہزار جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا ۔ نیب کی تحریری جواب جمع کرانے کی استدعا منظور کرتے ہوئے عدالت نے سماعت ملتوی کر دی ۔ نیب کو ہدایت کی کہ ہفتے کو پیراوائز کمنٹس جمع کرائیں اور پیر کو دلائل مکمل کریں ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے