پاکستان

صوبوں میں سپیکر اور وزرائے اعلی منتخب

اگست 16, 2018 2 min

صوبوں میں سپیکر اور وزرائے اعلی منتخب

Reading Time: 2 minutes

پنجاب اسمبلی میں نعرہ بازی اور ہنگامہ آرائی کے دوران مسلم لیگ ق کے چوہدری پرویز الٰہی سپیکر منتخب ہوگئے ۔ وہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ قاف کے مشترکہ امیدوار تھے ۔ منتخب ہونے کے بعد پرویز الٰہی نے سپیکر کا حلف اٹھایا ۔

پرویز الٰہی کے سپیکر منتخب ہونے کے بعد  مسلم لیگ ن مسلسل 10 برس تک حکومت کرنے کے بعد حزبِ اختلاف کی جماعت بن گئی ہے ۔ سپیکر کے انتخاب کے لیے 349 ممبران نے ووٹ ڈالے جس میں سے پرویز الٰہی نے 201 ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کی جبکہ مسلم لیگ نواز کے امیدوار چوہدری اقبال گجر نے 147 ووٹ حاصل کیے اور ایک ووٹ مسترد ہوا ۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے پنجاب اسمبلی میں 164 اراکین ہیں تاہم سپیکر کے انتخاب کے لیے ان کے امیدوار کو صرف 147 ووٹ پڑے ۔ اسمبلی کی رپورٹنگ کرنے والے رپورٹرز کا کہنا ہے کہ نواز لیگ کے امیدوار کو 17 ووٹ کم پڑنے سے یہ بات واضح ہے کہ جماعت کے اندر فارورڈ بلاک بن گیا ہے ۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر مسلم لیگ نواز کے ممبران نے نعرہ بازی کی اور سپیکر کے روسٹم کے سامنے جمع ہو گئے ۔

 

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مراد علی شاہ آئندہ 5 سال کے لیے سندھ کے نئے وزیراعلی منتخب ہوگئے ہیں ۔ سندھ اسمبلی میں قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے سپیکر آغا سراج دارنی کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے مراد علی شاہ جبکہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے شہریار مہر کو نامزد کیا گیا تھا۔ مراد علی شاہ کے حق میں 97 اراکین جبکہ شہریار مہر کے حق میں 61 اراکین اسمبلی نے ووٹ دیے ۔

صوبہ بلوچستان کی اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی اور سابق وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو منتخب ہوگئے ۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے محمود خان وزیراعلی کا انتخاب جیت گئے ہیں ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے