پاکستان24 متفرق خبریں

گے سیکس غیرقانونی نہیں، بھارتی سپریم کورٹ

ستمبر 6, 2018 3 min

گے سیکس غیرقانونی نہیں، بھارتی سپریم کورٹ

Reading Time: 3 minutes

انڈیا میں سپریم کورٹ نے ایک تاریخی فیصلے میں ہم جنس پرستی پر سزا دینے والی قانونی شق کو کالعدم قراد دیا ہے ۔  تعزیرات ہند میں مرضی سے ہم جنس پرستی پر 1861 کے قانون کی شق 377 لاگو کی جاتی تھی جس کے تحت اس جرم کی سزا دس سال قید تھی ۔

انڈین سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ ‘تاریخ ہم جنس پرستوں سے معافی کی مقروض ہے’ ۔ بی بی سی کے مطابق انڈیا کی سپریم کورٹ نے ملک میں ہم جنس پرستی کو جرائم کے زمرے سے خارج کرنے کا تاریخی فیصلہ سنا دیا ہے ۔ اس فیصلے کے تحت اب ملک میں ہم جنس پرستوں کا جنسی تعلق جرم نہیں رہا ہے ۔

یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے سنایا جو چیف جسٹس دیپک مشرا کی سربراہی میں قائم کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں سنہ 2013 کے ایک عدالتی فیصلے کو کالعدم قرار دیا ہے ۔ اس فیصلے میں ہم جنس پرستی کو جرم کے زمرے میں شامل کرنے والے قانون کو آئین کی روشنی میں درست قرار دیا گیا تھا ۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’ایک ہی صنف کے دو بالغ لوگوں کے درمیان باہمی رضامندی سے جنسی تعلق جرم نہیں ہے‘۔ عدالت عظمیٰ نے فیصلے میں کہا ہے کہ انتخاب کرنے کا ہر فرد کو بنیادی حق حاصل ہے اور قانون کی دفعہ 377 فرد کے اس حق سے متصادم ہے ۔ تاہم عدالت نے اس دفعہ کی اس شق کو برقرار رکھا ہے جس کے تحت جانوروں کے ساتھ جنسی عمل کو جرم مانا گیا ہے ۔

‏سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ’کسی فرد کا جنسی رجحان اس کا انفرادی اور فطری معاملہ ہے اور جنسی رجحان کی بنیاد پر کسی سے تفریق برتنا اس شحص کے اظہار آزادی کے حق کی خلاف ورزی ہے۔‘ ‏عدالت عظمی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اکثریت کی اخلاقیات سے نہیں چلتا ۔ عدالت نے کہا کہ ’ایک آئینی معاشرہ تخلیق کرنے کا بنیادی مقصد اس معاشرے کو ایک روشن خیال معاشرے میں تبدیل کرنا ہے۔‘

‏عدالت نے مزید کہا کہ ‘فرد کے انتخاب کا احترام آزادی کی روح ہے ۔ ہم جنس پرست برادری کو ملک کے دیگر شہریوں کی طرح آئین کے تحت برابر کا حق حاصل ہے۔ دفعہ 377 کی شقوں کے تحت مرد اور مرد یا عورت اور عورت کے درمیان سیکس کو جرم قرار دیا گیا تھا جو کہ فرد کی آزادی اظہار کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ‘

اس فیصلے پر ہم جنس پرستوں اور حقوق انسانی کی تنظیموں نے زبردست خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ تعزیرات ہند دفعہ کو پہلی مرتبہ 1994 میں چیلینج کیا گیا تھا اور 24 برس اور متعدد اپیلوں کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔

سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست پانچ ہم جنس پرستوں نے دائر کی تھی جن کا کہنا تھا کہ وہ خوف کے سائے میں زندگی گزار رہے ہیں ۔

یاد رہے کہ سنہ 2009 میں دلی ہائی کورٹ نے ایک تاریخی فیصلے میں کہا تھا کہ دو بالغ اگر اپنی مرضی سے کوئی رشتہ قائم کرتے ہیں تو اسے جرم نہیں کہا جاسکتا لیکن چار سال بعد سنہ 2013 میں سپریم کورٹ نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا ۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سپریم کورٹ کی دو رکنی بنچ نے کہا تھا کہ دہلی ہائی کورٹ نے ہم جنس پرستی کو جرم کے زمرے سے نکال کر غلطی کی تھی ۔

اس فیصلے پر انڈیا کی نامور شخصیات نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ بالی وڈ فلم ساز و ہدایت کار کرن جوہر نے اسے ایک ‘تاریخی فیصلہ ‘قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ملک کو آج اس کی آکسیجن واپس مل گئی ہے۔‘ اداکارہ پریٹی زنٹا نے بھی اس فیصلے کو سراہا ہے ۔

اکتوبر 2017 تک دنیا بھر میں 25 کے قریب ممالک میں ہم جنس پرستانہ تعلق کو قانونی طور پر تسلیم کیا جاتا ہے ۔

 

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے