متفرق خبریں

دس سالہ بچہ گیارہ برس بعد رہا

ستمبر 14, 2018 2 min

دس سالہ بچہ گیارہ برس بعد رہا

Reading Time: 2 minutes

اسلام آباد :عابدعلی آرائیں

سپریم کورٹ نے منشیات برآمدگی کے الزام میں قید10سالہ بچے کو11سال بعد رہا کرنے کا حکم سنادیا۔فیصل آباد کی سنٹرل جیل میں 11 سال ایک ماہ سے قید21سالہ نوجوان محمدعدنان کے ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہواہے، جمعرات کو جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائزعیسی اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے ملزم بچے کی بریت کے لئے دائر اپیل کی سماعت کی تو خاتون وکیل ملکہ صباح اور خواجہ محمد سعید ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ استغاثہ نے 10سال کے بچے سے 4من سے زائد چرس برآمدگی کا الزام لگایاجبکہ منشیات برآمد کرنے والے تفتیشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ منشیات کا مالک مقدمہ میں نامزد ایک ریاض نامی شخص تھا جبکہ منشیات کے سیمپل باحفاظت لے کر جانابھی ثابت نہیں ہوتا اور فورینزک لیبارٹری کی رپورٹ بھی واضح نہیں ہے ، ڈپٹی پراسیکیوٹر پنجاب عبدالوحید نے عدالت کو بتایاکہ منشیات کے مقدمہ کادو سال بعد چالان پیش ہونا بھی شکوک کو جنم دیتا ہے ، جسٹس سجاد علی شاہ کاکہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ایک حالیہ فیصلہ کی روشنی میں اگر منشیات سیمپل باحفاظت لے کرجاناثابت نہ ہوتوایسی صورت میں ملزم کی بریت کا مقدمہ بنتا ہے۔ عدالت نے جیوونائیل کورٹ اور ہائیکورٹ کے فیصلے کالعدم قراردیتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ بچے کو فوری طورپر رہا کیا جائے۔

عدالت کے باہر ملکہ صباح ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ بچے کو ٹی بی کا مرض لاحق ہو چکا ہے اور اسے جیل حکام ہرہفتے فیصل آباد کے ہسپتال علاج کےلئے لے کرجاتے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ نے بچے کو 13سال کی عمر میں عمر قید اور 10لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی اور لاہور ہائیکورٹ نے24مارچ2014کواپیل مسترد کرتے ہوئے سزابرقراررکھی، ان کا کہنا تھا کہ بچے کی سزا تقریباپوری ہونے والی ہے۔ بچے کو 10سال کی عمر میں شیخوپورہ کے علاقہ فیروز والا سے 8اگست 2007 کوگرفتار کیاگیا اورکہاگیا کہ وہ چنگ چی رکشے پر 4من3کلوچرس اور180گرام ہیروئن رکشے پرلے کر جارہاتھاجبکہ دیگرملزمان موقع سے فرارہوگئے تھے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے