شریف ریفرنس، نیب سپریم کورٹ میں

 یب قومی احتساب بیورو نیب نے نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن صفدر کی سزا معطل کرنے کی درخواستوں پر ہائیکورٹ میں سماعت رکوانے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے ۔ عدالت عظمی میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کے مجرمان کی سزا معطل کرنے کی درخواستیں سننے کا ہائیکورٹ کو اختیار نہیں ۔

دائر کردہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مجرمان کی اپیلوں پر سماعت کی بجائے حکم امتناع کی درخواست پر کارروائی کا بھی کوئی جواز نہیں، ہائی کورٹ نے سزا معطل کرنے کی درخواستوں پر پہلے سماعت کا فیصلہ دے کر اختیار سے تجاویز کیا ۔ درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر مجرمان کے وکیل اپیلوں پر دلائل دینے سے قاصر ہیں تو مجرمان نئے وکیل کی خدمات حاصل کر لیں، اور عدالتِ عظمیٰ ہائی کورٹ کا سزا معطل کرنے کی درخواستوں پر پہلے سماعت کرنے کا 10 ستمبر کو فیصلہ کالعدم قرار دے اور ہائیکورٹ کو ایون فیلڈ فیصلے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کا حکم دیا جائے ۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزاؤں کی معطلی کی درخواستوں کی سماعت کر رہا ہے جبکہ سزا خاتمے کیلئے دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت بعد میں کی جائے گی ۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو مجرم قرار دیتے ہوئے نواز شریف کو 10 سال قید بامشقت اور 80 لاکھ برطانوی پاؤنڈ جرمانہ، مریم نواز کو 7 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے