متفرق خبریں

ڈیمز فنڈ اکاؤنٹ کا نام تبدیل

ستمبر 24, 2018 2 min

ڈیمز فنڈ اکاؤنٹ کا نام تبدیل

Reading Time: 2 minutes

سپریم کورٹ نے ڈیم فنڈز کے لئے بنائے گئے بنک اکاؤنٹ کا عنوان تبدیل کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ نیا نام سپریم کورٹ – وزیراعظم فنڈ برائے دیامیر بھاشا ڈیم ہوگا ۔ وفاقی حکومت کی دائر کردہ درخواست کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں چار رکنی لارجر بینچ نے کی ۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی نے عدالت کو بتایا کہ سٹیٹ بینک نے وزارت خزانہ کے کہنے پر ڈیمز فنڈ کا ٹائٹل وزیراعظم -چیف جسٹس ڈیم فنڈز کر دیا ہے جو عدالتی حکم کے بغیر کیا گیا ہے، عدالت اس کیلئے اپنے دیئے گئے فیصلے میں ترمیم کرے، پہلے ڈیمز فنڈ کے اکاؤنٹ کا عنوان سپریم کورٹ ڈیمز فنڈ تھا ۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ دوسرا مسئلہ ٹیکس کٹوتی کا ہے، ایف بی آر نے ڈیم فنڈز پر ٹیکس چھوٹ کے لیے ترمیمی بل پیش کرنا ہے، کابینہ نے اس کیلئے فیصلہ کر لیا ہے، ڈیم کیلئے عطیہ دینے والوں سے ٹیکس کٹوتی نہیں ہوگی ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ 12 جولائی سے 12 ستمبر تک موبائل کے ذریعے 6 کروڑ 38 لاکھ روپے ڈیمز فنڈ میں جمع ہوئے ۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ نام تبدیلی کی ہدایات کس نے دیں؟ کیا تحریری ہدایت ملی؟ وزیراعظم نے تقریر میں ڈیم فنڈز میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا ۔ سٹیٹ بنک کے نمائندے نے جواب دیا کہ پہلے زبانی کہا گیا بعد میں تحریری ہدایات دی گئیں ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ڈیمز فنڈ کا عنوان ٹی وی چینلز سمیت سب جگہ پر چل چکا، کتنی جگہوں پر تبدیلی کریں گے؟ کیا تمام اشتہار تبدیل کرائیں گے؟۔ جو اشتہار پہلے سے چل رہے ہیں ان کو چلنے دیں، نئے میں نام تبدیل کر دیں ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم نے ڈیمز فنڈ کے عنوان کی تبدیلی سے قبل مجھ سے اجازت لی تھی مگر اس عدالتی بنچ سے اجازت نہیں لی ۔ چیف جسٹس نے ساتھی ججوں سے مشاورت کے بعد کہا کہ سپریم کورٹ کو ڈیمز فنڈ نام تبدیلی سے کوئی مسئلہ نہیں ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ڈیمز فنڈ اکاؤنٹ کے نئے عنوان میں سپریم کورٹ کا نام پہلے اور وزیراعظم کا بعد میں لکھا جائے، سپریم کورٹ ادارہ ہے، وزیراعظم ایک عہدہ اور ذات کے طور پر ہیں ۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وزیراعظم نے کہا وہ ڈیمز کے لیے فنڈز اکٹھے کرنے کے مقصد میں شریک ہونا چاہتے ہیں، وزیراعظم کا ایک نام بھی ہے اور مقام بھی ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ وزیراعظم ڈیم فنڈز کے لیے رقوم اکٹھی کرنے کے مقصد میں شامل ہونا چاہتے ہیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔ عدالت نے اکاؤنٹ کا ٹائٹل سپریم کورٹ، وزیراعظم فنڈ برائے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیمز رکھنے کی درخواست منظور کر لی ۔

 

چیف

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے