پاکستان پاکستان24

فلیگ شپ ریفرنس میں گواہ کا بیان مکمل

اکتوبر 18, 2018 2 min

فلیگ شپ ریفرنس میں گواہ کا بیان مکمل

Reading Time: 2 minutes

نواز شریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ۔ چار دن تک جاری رہنے والا استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء کا بیان مکمل کر لیا گیا ۔ عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں خواجہ حارث کی تفتیشی افسر پر دوبارہ جرح کی درخواست مسترد کر دی ہے ۔ جج نے کہا ہے کہ تفتیشی کو طویل جرح کے لئے دوبارہ بلانے کی درخواست بلا جواز ہے ۔

فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کی ۔ نواز شریف آج عدالت پیش نہ ہوئے، عدالت نے آج کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کر لی ۔ استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء نے بیان دیا کہ مجموعی طور پر حسین نواز نے فلیگ شپ انوسٹمنٹ میں 3 اعشاریہ 2 ملین پاؤنڈ کا سرمایہ لگایا، نتیجہ اخذ کیا کہ فلیگ شپ انوسٹمنٹ کے نیچے قائم کمپنیوں کو2001_08کے دوران 10 ملین پاؤنڈ کے نقصان کا سامنا رہا، کمپنیوں کی ملکیت اور مورگیج کی گئی جائیدادوں کی تفصیلات جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم 7 میں موجود ہے، جائیداد کی تفصیلات والیم 7 کے صفحہ نمبر 5 کے پیرا 9B سے صفحہ 7 کے پیرا 9F میں بتائی گئی ہیں ۔

گواہ واجد ضیاء نے بتایا کہ حسن نواز فلیگ شپ انوسٹمنٹ اور دیگر کمپنیوں کے قیام کے ذرائع بتانے میں ناکام رہے، حسن نواز نامعلوم ذرائع سے آنے والی رقم ان کمپنیوں کو بطور قرض دیتے رہے ۔ گواہ نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے فلیگ شپ انوسٹمنٹ کے نیچے قائم کی گئی کمپنیوں کی فنانشل اسٹیٹمنٹ کا جائزہ لیا اور کمپنیوں کے قرضے، منافع، نقصان اور ٹرانزکشنز پر دو چارٹ مرتب کئے جس سے حسن نواز کی کمپنیوں اور برطانیہ سے باہر دو کمپنیوں کے درمیان فنڈز اور لون کا تبادلہ ظاہر ہوتا ہے ۔ دستاویزات کے مطابق کیپٹل ایف زیڈ ای نے 2008 میں کوئینٹ پیڈنگٹن کو 615000 پاؤنڈ کا قرضہ دیا، کیپٹل ایف زیڈ ای نے 2009 میں بھی کوئینٹ پیڈنگٹن کو 615000 پاؤنڈ قرض دیا ۔

گواہ نے بتایا کہ جفزا کی دستاویزات کے مطابق 2008-09 میں نوازشریف کیپٹل ایف زیڈ ای کے چیئرمین تھے، کومبر inc کی طرف سے کیو ہولڈنگ کو 2007میں 1 اعشاریہ 7 ملین پاؤنڈ کا قرضہ دیا گیا، کومبر کی طرف سے فلیگ شپ سیکیورٹیز کو 2008 میں ڈیڑھ لاکھ پاؤنڈ کا قرضہ دیا گیا جبکہ کومبر Inc. کمپنی حسین نواز کی ملکیت میں ہے ،حسن نواز نے 2009-10میں چوہدری شوگرز مل کو 87ملین روپے کا قرضہ دیا ۔ جج ارشد ملک نے کہا کہ حسن نواز پہلے قرضہ لیتے رہے پھر دینا شروع کر دیا، حسن نواز نے 2001 سے 2004 کے دوران ان کمپنیوں کو 4 اعشاریہ 2 ملین کا قرضہ دیا ۔

واجد ضیاء کا نیب کے تینوں ریفرنسز میں بیان مکمل ہوگیا، آئندہ سماعت پر خواجہ حارث جرح شروع کریں گے ۔ عدالت نے خواجہ حارث کی العزیزیہ ریفرنس کے تفتیشی پر دوبارہ جرح کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے