آسٹریلیا کو ٹی 20 سیریز میں شکست

پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو 11 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی ۔ یہ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی مسلسل دسویں جیت ہے ۔

دبئی میں سیریز کے دوسرے میچ  میں سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی، پاکستان نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے ۔ جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 136 رنز بنا سکی ۔

پاکستانی بیٹنگ سائیڈ میں اوپنر بابر اعظم 45 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ محمد حفیظ 40 اور فہیم اشرف 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، فخر زمان نے 11، شعیب ملک نے 14، آصف علی نے 9 اور عماد وسیم نے ایک رن بنایا ۔ کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کرنے نہیں آئے اور ان کی جگہ حسن علی کو بھیجا گیا جو بغیر کوئی اسکور کیے پویلین لوٹ گئے ۔ آسٹریلیا کی جانب سے کولٹر نائیل نے 3 اوورز میں 18 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسٹین لیک نے 2 جب کہ شارٹ نے ایک وکٹ حاصل کی ۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر فنچ 3 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، عماد وسیم نے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین شارٹ کو 2 رنز پر رن آؤٹ کیا جب کہ کرس لین عماد وسیم کی گیند پر اونچا شارٹ کھیلتے ہوئے شاداب خان کے ہاتھوں 7 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ الیکس ٹائیسن نے ایک اور بنجامن نے  3 رنز بنائے۔ مچل روز مارش نے 21 رنز اسکور کئے ۔

فتح کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ آخری اوور میں 132 رنز پر گری، شاہین آفریدی کی بال پر آسٹریلیا کے ٹاپ اسکورر میکس ویل نے چھکا لگانے کی کوشش کی تاہم وہ کیچ آؤٹ ہوگئے اور 52 رنز بناسکے ان کے بعد ناتھن کولٹر بھی شاہین آفریدی کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے اور 27 رنز اسکور کرسکے۔

شاداب خان اور شاہین آفریدی نے دو دو، عماد وسیم اورمحمد حفیظ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جب کہ دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے ۔

پاکستان نے پہلے میچ میں بھی آسٹریلیا کو شکست دی تھی جبکہ تیسرا اور آخری میچ کل کھیلا جائے گا ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے