کھیل

پاکستان کی 11 ویں سیریز میں جیت

نومبر 3, 2018 2 min

پاکستان کی 11 ویں سیریز میں جیت

Reading Time: 2 minutes

پاکستان نے دبئی میں دوسرے ٹی 20 کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین ٹی 20 میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے ۔ اس طرح یہ پاکستان کی ٹی 20 سیریز میں مسلسل 11 ویں فتح ہے ۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کورے اینڈر سن 25 گیندوں پر 44 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان بولرز میں شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ۔

پاکستان کو فتح کے لیے آخری اوور میں سات رنز درکار تھے جو اس نے اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کر لیے ۔ محمد حفیظ 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شعیب ملک میچ کے آخری اوور میں دس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 40 کے سکور پر گری جب ملنے کی گیند پر ولیمسن نے فخر زمان کا ایک انتہائی عمدہ کیچ لیا۔ فخر زمان نے 24 رنز بنائے ۔ جب بابر اعظم 40 رنز بنا کر ساؤدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 96 تھا ۔ آصف علی 38 رنز بنا کر کولن منرو کی فل ٹاس گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔

نیوزی لینڈ نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا تو پاکستان کو پہلی کامیابی 50 کے مجموعی سکور پر ملی جب شاہین شاہ آفریدی نے گلین فلپیس کو وکٹوں کے پیچھوں سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا دیا۔ انھوں نے پانچ رنز بنائے ۔

پاکستان نے وکٹ حاصل کرنے کا موقع اس وقت گنوا دیا جب 36 کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ نے فہیم اشرف کی گیند پر ڈیپ لانگ آن پر کولن منرو کا کیچ ڈراپ کر دیا۔ تاہم وہ محمد حفیظ کی ہی بال پر سٹمپ آؤٹ ہوگئے ۔ انھوں نے 28 گیندوں پر 44 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

 

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے