پاکستان پاکستان24

یوٹرن لینا ہی بڑے لیڈر کی نشانی ہے، عمران خان

نومبر 17, 2018 2 min

یوٹرن لینا ہی بڑے لیڈر کی نشانی ہے، عمران خان

Reading Time: 2 minutes

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جو لیڈر یوٹرن نہ لے وہ لیڈر ہی نہیں، نیپولین اور ہٹلر نے یوٹرن نہ لے کر بہت بڑا نقصان کیا۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جو لیڈر یوٹرن نہ لے وہ لیڈر ہی نہیں، نیپولین اور ہٹلر نے یوٹرن نہ لے کر بہت بڑا نقصان کیا، نواز شریف نے عدالت میں یوٹرن نہیں لیا بلکہ جھوٹ بولا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین سے بہت بڑا پیکج ملا ہے، چین نے ابھی تک کسی کو اتنا بڑا پیکج نہیں دیا، سعودیہ عرب سے بھی بڑا پیکج ہوسکتا ہے لیکن تفصیلات عام نہیں کرسکتے، اگر ہمارا پیکج پبلک ہوجائے تو دنیا کے باقی ممالک بھی ایسا ہی پیکج مانگیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو کسی صورت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نہیں بنائیں گے، کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والے شخص کو چیئرمین پی اے سی نہیں بناسکتے، ایسا کیا تو دنیا بھر میں پاکستان کا مذاق بنے گا، انہوں نے نیب کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھا دیئے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب چھوٹے چھوٹے مقدمات میں الجھ چکا، کارکردگی متاثر ہورہی ہے، نیب کو بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالنا چاہئے،احتساب قوانین میں ترمیم کی ضرورت ہے ۔
وزیراعظم نے دورہ چین کو توقعات سے زیادہ کامیاب قرار دیا اور کہا کہ ماضی میں کسی وزیراعظم کا دورہ چین اتنا کامیاب نہیں رہا، حالیہ دورہ چین کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے، چین کے ساتھ کئے گئے معاہدوں کی تفصیل عام نہیں کرسکتے، چین کی امداد سے پاکستان کی ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوگا۔ چین سے ہرقسم کی امداد مل رہی،تجارت و سرمایہ کاری بڑھے گی۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کے خلاف مہم کامیاب جارہی ہے، صرف دبئی میں پاکستانیوں کی 15 ارب ڈالرز کی جائیدادوں کا سراغ لگالیا، بیرون ملک جائیدادوں کے انکشاف کے ساتھ ہی اپوزیشن کی تنقید بڑھ گئی، لوٹی دولت کی واپسی کے لیے مختلف ممالک سے معاہدے کررہے ہیں، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ کے ساتھ معاہدے ہوچکے ہیں ان معاہدوں سے ملک کی قومی دولت واپس لانے میں مدد ملے گی۔ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس بھرپور طریقے سے منعقد کی جائے گی، افتتاحی سیشن کی صدارت وہ خود کریں گے، اختتامی سیشن میں صدر مملکت شریک ہونگے، کانفرنس میں دنیا بھر سے اسلامی اسکالرز اورعلما شرکت کرینگے۔ کانفرنس میں اسلام مخالف بیانئے کا موثرجواب دیا جائے گا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے