پاکستان پاکستان24

جہاں خلا وہاں 184/3 کا اختیار استعمال کرتے ہیں

نومبر 27, 2018 < 1 min

جہاں خلا وہاں 184/3 کا اختیار استعمال کرتے ہیں

Reading Time: < 1 minute

سپریم کورٹ نے بلوچستان کے وزیر زمرک خان کے حلقہ میں دوبارہ گنتی کاحکم معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کئے ہیں ۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا ہے کہ عدالت ازخود نوٹس کا اس وقت استعمال کرتی ہے جب قانون میں خلا آتا ہے ۔
الیکشن کمیشن نے زمرک خان کے حلقے میں چودہ پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ گنتی کا حکم دیاتھا جس کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے ۔
کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی ۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ساٹھ روز گذرنے کے بعدالیکشن کمیشن حکم دے سکتا ہے یا نہیں فیصلہ عدالت کرے گی، دلچسپ کیس ہے، اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کریں گے ۔
وکیل افتخار گیلانی نے کہا کہ ایک سو چوراسی تین کے تحت سپریم کورٹ میں براہ راست اپیل نہیں ہو سکتی، ایک سو چوراسی تھری کا استعمال کرتے ہوئے سپریم کورٹ سائلین سے فورم چھین رہی ہے ۔ وکیل افتخار گیلانی نے کہا کہ سائلین پریشان ہیں، فیصلے براہ راست سپریم کورٹ میں کئے جاتے ہیں، سپریم کورٹ کا یوں اختیار استعمال کرنا غیر مناسب ہے ۔

جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ایک سو چوراسی تین کا اختیار کیوں استعمال کرتے ہیں کہیں گے تو بتا دوں گا، ایک سو چوراسی تین کے استعمال کی وجہ عدالت میں بتا دوں گا یا فیصلے میں لکھ دوں گا ۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ایک سو چوراسی تین کے استعمال کیلئے پہلی درخواستیں بھی آپ لوگ لے کر آئے تھے،ایک سو چوراسی تین کا پہلا شہلا ضیاء کیس جب آیاتو میں طالبعلم تھا ۔ جسٹس عظمت سعید کا کہنا تھا کہ جہاں خلاء ہوتا ہے وہاں ایک سو چوراسی تین استعمال کرتے ہیں ۔
فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت جنوری کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی گئی ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے