پاکستان24 کھیل

پاکستان کی فتح اور یاسر شاہ

نومبر 27, 2018 2 min

پاکستان کی فتح اور یاسر شاہ

Reading Time: 2 minutes

دبئی میں پاکستان کی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے ۔ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے ہرایا ۔

پاکستان کی جانب سے لیگ سپنر یاسر شاہ نے اس میچ میں کل 14 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

دبئی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے 2 وکٹ کے نقصان پر 131 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو بلے بازوں نے محتاط بیٹنگ کی اور کریز پر زیادہ سے زیادہ دیر تک ٹہرنے کی کوشش کی تاہم گرین شرٹس کی خطرناک بولنگ کے سامنے نیوزی لینڈ کا ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور ایک ایک کرکے مزید چار کھلاڑی پولین واپس لوٹ گئے ۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 146 رنز پر گری جب ٹام لیتھم 50 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کے بعد راس ٹیلر نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی اور اسکور 198 رنز تک پہنچا دیا تاہم بلال آصف 82 رنز پر انہیں آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوگئے جس کے نتیجے میں نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 198 رنز پر گر گئی ۔

کھانے کے وقفے تک نیوزی لینڈ کی ٹیم 4 وکٹوں پر 222 رنز ہی بناسکی۔ وقفے کے بعد کیوی بلے بازوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی اور وکٹ بچانے کی کوشش کرتے رہے تاہم پاکستانی گیند بازوں نے مزید 3 بلے بازوں کو پولین بھیج دیا ۔

اس طرح نیوزی لینڈ کی 7 ویں وکٹ 286 رنز پر گر گئی۔ حسن علی نے گرینڈ ہوم کو اور یاسر شاہ نے ساؤدھی کو کلین بولڈ کیا۔ گزشتہ روز یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے 10 شکار کیے تھے اور آج انہوں نے مزید 2 وکٹیں حاصل کیں ۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگ میں 418 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم کی جانب سے فالو آن کروانے کے بعد کیویز نے 2 وکٹ پر 131 رنز بنائے تھے ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے