متفرق خبریں

ڈیم کیلئے ۱۰ ارب اکھٹے نہ کر سکا

دسمبر 2, 2018 2 min

ڈیم کیلئے ۱۰ ارب اکھٹے نہ کر سکا

Reading Time: 2 minutes

چیف جسٹس ثاقب نثار نے جگر و گردے کے اسپتال کیلئے ۳۴ ارب دینے پر حیرت کا اظہار کیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ پر 34 ارب لگادیے گئے اور میں ڈیم کیلئے 10 ارب اکٹھے نہ کرسکا ۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے لاہور رجسٹری میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں بچوں کے جگر کی پیوند کاری کے از خود نوٹس کی سماعت کی۔ پی کے ایل آئی (اسپتال) کی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر جواد ساجد نے کہا کہ اسپتال میں فوری طور پر بچوں کے جگر کی پیوند کاری ممکن نہیں ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں قوم سے کیا گیا وعدہ واپس لینا پڑے گا، بھارت ویزا نہیں دے گا اور چین جانے کی استطاعت نہیں ہے، 70 سال ہو گئے ڈاکٹر ایسی سہولیات پیدا نہیں کر سکے، پی کے ایل آئی پر عوام کے 34 ارب روپے لگا دیئے مگر علاج کی سہولت میسر نہ آ سکی، اتنے پیسے میں 4 اسپتال بن جانے تھے، میں ڈیم کیلئے 10 ارب روپے اکٹھے نہیں کر سکا، ان کو 34 ارب روپیہ مل گیا ۔

ڈاکٹر جواد ساجد نے کہا کہ اسپتال میں سہولیات موجود ہیں لیکن ماہرین کی ٹیم کا فقدان ہے، بڑوں کے جگر کی پیوند کاری اگلے سال مئی میں ممکن ہو سکے گی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے پی کے ایل آئی کے سابق سربراہ ڈاکٹر سعید اختر سے سوالات کئے تو سوشل میڈیا پر سپریم کورٹ کے خلاف مہم شروع کر دی گئی، اوورسیز ڈاکٹر خالد شریف اپنی خدمات دینے کو تیار ہیں مگر آپریشن کہاں پر کروائیں ۔

چیف جسٹس نے ڈاکٹر سعید اختر سے پوچھا کہ پی کے ایل آئی کا آئیڈیا کہاں سے آیا؟ ڈاکٹر سعید اختر نے جواب دیا کہ سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے نیویارک اسپتال کی مثال دے کر اس جیسا کام کرنے کو کہا تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سابق وزیراعلی نے اپنا علاج خود وہاں کروایا اس لئے اس کی مثال دی، مجھے سب معلوم ہے، کس نے آئیڈیا دیا اور کہاں بیٹھ کر میٹنگ ہوتی رہی ۔

سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے