کالم

عدالت میں نواز شریف کی خاطر تواضع

دسمبر 7, 2018 2 min

عدالت میں نواز شریف کی خاطر تواضع

Reading Time: 2 minutes

نزہت آپا کی چائے اور میک ڈونلڈ کی کافی پیتے ہوئے احتساب عدالت میں نواز شریف نے سینڈوچز بھی کھائے اور بعد میں نزہت آپا کے گھر کا بنا کیک اپنے ساتھ گھر بھی لے گئے ۔ اس اہتمام نے نواز شریف کو اپنی مرحومہ بیگم کلثوم نواز کی یاد دلا دی ۔

احتساب عدالت میں حسب معمول نواز شریف اپنے خلاف دائر ریفرنسز کی سماعت کیلئے پہنچے تو خواجہ حارث ٹرائل میں توسیع لینے کی غرض سے سپریم کورٹ چلے گئے،سماعت شروع ہونے سے قبل جن بیانات کی تیاری میں مصدق ملک نے نواز شریف کی مدد کی َوہ غیر رسمی گفتگو کے ذریعے بتا ہی دیے ۔

نواز شریف نے پہلے تو اپنے دور حکومت کے ترقیاتی منصوبے گنوائے، بعد میں گفتگو کا رخ وزیراعظم عمران خان کی جانب موڑدیا، کہا کہ ایسا کیسے ہو سکتا کہ ڈالر کی قیمت بڑھے اور وزیراعظم کو پتہ نہ ہو، میرے دور میں میرے فیصلے کے بغیر ڈالر 10 پیسے بھی نہیں بڑھا، بولے کہ مجھے نہیں پتہ کہ ڈالر کو نچلی سطح پر رکھنے کا مصنوعی طریقہ کیا ہے، اگر ایسا ہے توحکومت بھی یہی طریقہ اختیار کرلے ۔

نواز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کسی بھی چیز کی متحمل ہو سکتی ہے لیکن موجودہ حکومت کی نہیں،نواز شریف الیکشن 2018 کی شکست نہیں بھولے، بولے کہ فافین رپورٹ نے واضح کیا کہ 53 حلقوں میں جیت کا مارجن مسترد ووٹوں کی تعداد سے زیادہ ہے، نیب سے متعلق بولے کہ نیب کا یہ غلط قانون میں نے نہیں مشرف نے بنایا، اس قانون کو ایسے ہی رہنا چاہیے، ہم تو بھگت چکے، باقی بھی بھگتیں، نیب سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے ہیلی کاپٹر اور ان کے باقی خاندان کے ذرائع آمدن کا بھی احتساب کرے ۔

یہ باتیں کرتے سابق وزیراعظم نے اپنے لیگی کارکنوں سے ولائتی چائے "کافی” کی فرمائش کر ڈالی، پاکستان مسلم لیگ کی سینیٹر نزہت عامر صادق نے ان کو چائے پر مدعو کرلیا، یہ دعوت احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں رکھی گئی، نزہت آپا انتہائی سگھڑ انداز میں نہ صرف گھر کی مزیدار چائے بلکہ بہو کے ہاتھ سے بنے فریش سینڈوچز بھی لائیں، چائے نوش کرنے سے قبل جھالر والی ٹیبل شیٹ بھی لائیں، آفس کم سمجھیں گھر کا کوئی ڈائینگ ہال، میاں صاحب کو یہ انداز بھایا، ان کو اہلیہ مرحومہ کی یاد آگئی، نزہت آپا نے بھی بیگم کلثوم نواز کا ذکر چھیڑ دیا، بولیں کہ میاں صاحب یہ انداز کلثوم باجی سے سیکھے ہیں ۔

اس چائے پر ہم صحافیوں کو بھی مدعو کیا گیا لیکن میاں صاحب کی ہدایات تھیں کہ یہ صرف گپ شپ کیلئے ہے، اس لئے سیاسی گفتگو و شنید سے گریز کیا، ہمارے ایک ساتھی نے اشتہاری ملزم طاہر القادری کی سپریم کورٹ میں آمد اور ان کی گرفتاری نہ ہونے سے متعلق سوال داغا، میاں صاحب چائے کی چسکی لگاتے اور مزاح کے انداز میں بولے کہ اس کس جواب بھی کیا مجھے ہی دینا ہے؟

چائے نوشی کے دوران میاں صاحب کی فرمائش پر میک ڈونلڈ کی کافی بھی آگئی، کافی کے شوقین میاں نواز شریف نے نزہت آپا کی چائے کے بعد کافی بھی پی لی ۔ اس دوران نزہت آپا نے گھر کا بنا ہوا کیک بھی میاں صاحب کی گاڑی میں رکھوایا،،سابق وزیر اعظم نواز شریف نے نزہت عامر صادق کا شکریہ ادا کیا اور اجازت ملنے پر احتساب عدالت کی جاری کارروائی کے دوران رخصت ہوگئے ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے