پاکستان

نجی اسکول کے ڈائریکٹر کی 83 لاکھ تنخواہ

دسمبر 13, 2018 2 min

نجی اسکول کے ڈائریکٹر کی 83 لاکھ تنخواہ

Reading Time: 2 minutes

سپریم کورٹ نے سٹی اور بیکن ہاؤس سمیت 21 پرائیویٹ اسکولوں کو فیسوں میں بیس فیصد کمی کا حکم دیا ہے، عدالت نے گرمیوں کی چھٹیوں میں لی گئی آدھی فیس بھی واپس کرنے کیلئے کہا ہے ۔

پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق عدالت عظمی کے تین رکنی بنچ نے طویل سماعت کے بعد حکم نامے میں کہا ہے کہ مستقبل میں پرائیویٹ سکولز سالانہ پانچ فیصد فیس میں اضافہ کر سکتے ہیں، فیس میں چھ سے 8 فیصد تک فیس میں اضافے کا معاملہ ریگولیٹر طے کرے گا، عدالتی حکم کے تناظر میں نہ کوئی سکول بند کیا جائے نہ ہی کسی طالب علم کو نکالا جائے ۔

عدالت نے قرار دیا کہ اگر کسی اسکول کو بند کیا گیا یا طالب علم کو نکالا گیا تو یہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی تصور ہوگی ۔ عدالت نے ہدایت کی کہ چیئرمین ایف بی آر تمام 21 اسکولوں کے پانچ سالہ ٹیکس ریکارڈ کی چھان بین کرے،  تمام سکولوں کی انتظامیہ اور ڈائریکٹرز کے ٹیکس کی چھان بین کی جائے ۔ ڈی جی ایف آئی اے 21 پرائیوٹ اسکولز کا ٹیکس ریکارڈ اور اکاؤنٹس کی تفصیلات تحویل میں لیں ۔

اس سے قبل سماعت کے دوران عدالت میں نجی اسکولوں کی انتظامیہ اور ڈائریکٹرز کی ایک بڑی تعداد اپنے وکیلوں کے ہمراہ موجود تھی ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق آڈیٹر جنرل کی رپورٹ دیکھ کر عدالتی معاون نے کہا کہ بیکن ہاؤس اسکول نے 2017 میں اپنے اساتذہ کو 62 ملین روپے ادا کئے جبکہ 2013 میں یہ رقم 13 ملین تھی اس کا مطلب ہے کہ ان کے کاروبار میں تیزی سے منافع ہوا ہے، جو رقم اسٹاف کو ادا کی گئی یہ ان کے ریونیو کا صرف اعشاریہ تین فیصد ہے ۔

عدالت کو بتایا گیا کہ لاہور گرائمر اسکول کے تین ڈائریکٹرز اور ایک مالک کو کل 512 ملین روپے اد کئے گئے ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ ان کی یورینیم نکل آئی ہے یا کوئی سونے کی کان ہے؟ اتنے چھوٹے چھوٹے اسکول کھولے ہوئے ہیں اور اتنی تنخواہ لے رہے ہیں، رہائشی علاقوں میں اسکول بنائے ہوئے ہیں، کیا ان کے انکم ٰٹیکس کا ریکارڈ دیکھا ہے؟ آڈیٹر جنرل کے نمائندے نے کہا کہ نہیں دیکھا ۔

عدالت کو آڈیٹر جنرل کی رپورٹ سے پڑھ کر بتایا گیا کہ لاہور گرائمر اسکول کے ایک ڈائریکٹر کی تنخواہ ماہانہ 83 لاکھ روپے ہے، دیگر مراعات اس کے علاوہ ہیں ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ ان کے ٹیکس ریٹرن دیکھیں، انہوں نے کارپوریٹ ٹیکس بچانے کیلئے اس کو تنخواہوں کی مد میں دکھا کر ٹیکس دیا ہوگا ۔

وکیل شاہد حامد نے کہا کہ سب سے زیادہ فیسیں ایچی سن کالج، امریکن اسکول اور کراچی گرائمر اسکول لیتے ہیں ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے