پاکستان پاکستان24

زرداری کے فرنٹ فٹ اسٹروکس

دسمبر 16, 2018 2 min

زرداری کے فرنٹ فٹ اسٹروکس

Reading Time: 2 minutes

سابق صدر آصف علی زرداری ان دنوں تند وتیز بیانات دے رہے ہیں، سخت دباو کا شکار پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے پہلے تین سال کی مدت ملازمت والے سرکاری ملازم کے فیصلے کرنے پر تنقید کی، اب کہا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کیلئے دباو ہے مگر صرف میرے چاہنے سے ایسا نہیں ہوگا کیونکہ دیگر فریق نہیں مانیں گے ۔ سندھ کے علاقے ٹنڈو الہ یار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سے جلد جان چھڑا کر قبل از وقت الیکشن کرائیں گے اور اگر گرفتار ہوا تو کیا ہوگا کیونکہ جیل تو میرا دوسرا گھر ہے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت سے جلدی جان چھڑا کر اور گھر بھیج کر ملک کو بنائیں گے اور قبل از وقت الیکشن کرائیں گے اور پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی، پی ٹی آئی حکومت کو نہ مانگنا آتا ہے نہ دکھانا آتا ہے، یہ صرف لینے والے ہیں،  جس کو اچانک طاقت مل جاتی ہے اس کا دماغ خراب ہو جاتا ہے،  لوگوں سے گلہ ہے کہ کیوں کٹھ پتلی حکومت بناتے ہیں، آپ نے بانی ایم کیوایم کو بنایا آج وہ کسی اور کا بن چکا۔

جلسے سے قبل میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ حکومت لوگوں سے روزگار چھین رہی ہے، کراچی کی ایمپریس مارکیٹ کو توڑ دیا گیا، یہ مارکیٹ 50 سال پرانی تھی جو بچپن سے مجھے یاد ہے، روزگار دینے کے بجائے عوام سے روزگار چھینا جارہا ہے، تجاوزات گرانے سے پہلے لوگوں کو نوٹس دینا چاہیے تھا، ملک کے موجودہ حالات پر افسوس ہے، کراچی ملکی معیشت کا 63 فیصد دیتا ہے واپس کیا ملتا ہے؟ ہم صرف اپنا حصہ مانگ رہے ہیں، ڈنڈے سے ٹیکس نہیں لیا جاسکتا۔

زرداری نے کہا کہ گرفتار ہوا تو کیا ہوگا، جیل میرا دوسرا گھر ہے، پکڑ دھکڑ چھوڑ کر ملکی مسائل پر توجہ دیں، ہم نہیں چاہتے کہ ادارے کمزور ہوں کیونکہ ایسا ہوا تو ایک اور طاقت کھڑی ہے جو جارحانہ اور جنونی سوچ رکھتی ہے، اسی لیے ہم حکومت کو گنجائش دیتے ہیں لیکن اسے غلط فہمی ہے کہ ہم اس سے ڈرتے ہیں یا اس سے اقتدار لے لیں گے، ہم اس سے صرف غیر جانبداری چاہتے ہیں اختیار اور اقتدار ہم خود لے لیں گے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سیاست سوچ سمجھ کر کی جاتی ہے، موجودہ حکومت انڈر 16 کھلاڑی ہے، حکومت تب ہی مضبوط ہوگی جب صوبے ساتھ ہوں گے، یہ اب کہتے ہیں کہ سو دن کم ہیں، ہم نے اپنے 100 روز میں مشرف کو نکالا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے