متفرق خبریں

اپوزیشن کا چیئرمین نیب کو خط

دسمبر 18, 2018 2 min

اپوزیشن کا چیئرمین نیب کو خط

Reading Time: 2 minutes

ملک کی منتخب اپوزیشن کے رہنماؤں نے قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جاوید اقبال کو خط لکھا ہے ۔ خط میں ملاقات کیلئے وقت دینے کی درخواست کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ فوری اور سنگین صورتحال سے آگا ہ کرنا ہے جس میں نیب کی انتقامی کارروائیاں جمہوری عمل کو کمزور کر رہی ہیں ۔

اپوزیشن کے چئیرمین نیب جاوید اقبال کو خط میں لکھا گیا ہے کہ فوری اور سنگین صورتحال سے آگا ہ کرنے کیلئے چئیرمین نیب ملاقات کا وقت دیں ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نیب افسران کی جانب سے ارکان پارلیمان کو ہراساں کرنے اور انتقام کا نشانہ بنانے کی طرف آپ کی توجہ مبذول کرانا چاہتے ہیں، نیب کے متنازعہ، غیرمنصفانہ اور معمول سے ہٹ کر ہونے والے اقدامات پاکستان میں جمہوری عمل کو متاثر وکمزور کر رہے ہیں ۔

خط میں کہا گیا ہے کہ حزب اختلاف پختہ یقین پر کاربند ہے کہ کوئی شخص قانون سے بالا تر نہیں اور ملک میں احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتی ہے، اپوزیشن احتساب کے عمل کو پاکستان کے عوام کے مفاد کے تحفظ کے لئے ضروری تصور کرتی ہے لیکن غیرمنطقی، یک طرفہ، متعصبانہ احتساب کا عمل صرف اپوزیشن ارکان پر دباو اور سیاسی انتقام کے لئے استعمال ہو تو یہ پارلیمان کی خودمختاری اور بالادستی کے لئے خطرہ بن جاتا ہے ۔

خط میں چیئرمین نیب سے کہا گیا ہے کہ نیب کے حالیہ اقدامات اور اس کے حکام کے عوامی بیانات سے بدقسمتی سے اس ادارے کی غیرجانبداری، شفافیت اور ارادوں پر شدید تحفظات پیدا ہوئے ہیں ۔ احتساب کے عمل کو اسلامی تعلیمات، پاکستان کے آئین، قانون، انصاف کے فطری اصولوں اور انسانی عزت و وقار کے مطابق ہونا چاہئے ۔

خط میں درخواست کی گئی ہے کہ قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے ارکان آپ سے ملاقات کے خواہش مند ہیں تاکہ آپ کو فوری نوعیت کی سنگین صورتحال سے آگاہ کر سکیں ۔

خط پر ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم ایم اے ارکان کے دستخط ہیں ۔ ن لیگ کی جانب سے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر اور شازیہ مری کے علاوہ ایم ایم اے کے مولانا اسعد محمود اور بلوچستان کے قوم پرست لیڈر اختر مینگل کے دستخط بھی خط پر موجود ہیں ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے