عالمی خبریں

اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملے

دسمبر 9, 2017 2 min

اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملے

Reading Time: 2 minutes

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے غزہ سے راکٹ فائر کیے جانے کے جواب میں فلسطین کے عسکری گروپ حماس کے خلاف فضائی کارروائیاں کی ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق کارروائیوں میں ہتھیار تیار کرنے والے ایک مرکز اور اسلحے کے گودام کو نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل جمعے کو غزہ سے داغے جانے والے تین راکٹ اسرائیل کے علاقے سدیروت میں گرے تھے۔

حماس کی جانب سے انتفادہ کے اعلان کے بعد اسرائیل نے غربِ اردن میں مزید سینکڑوں فوجی تعینات کیے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے ردعمل میں جمعے کو غزہ میں احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں دو فلسطینی جاں بحق ہو گئے تھے ۔

اسرائیل نے کہا تھا کہ اس نے غزہ سے فائر کیے جانے والے ایک میزائل کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا اور اس کے علاوہ ایک میزائل سدیروت میں ایک ویران مقام پر گرا جہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ فلسطین کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جمعے کو حماس کے ٹھکانوں پر متعدد حملے کیے جن میں 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حماس کے سینیئر رہنما فتح حماد نے کہا تھا کہ اگر کوئی بھی اپنے سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنا چاہتا ہے کہ تو وہ فلسطین کا دشمن تصور ہو گا۔ اس سے پہلے وائٹ ہاؤس کی جانب سے فلسطینی حکام کو تنبیہ کی گئی کہ امریکی نائب صدر مائیک پینس کی فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات منسوخ کرنے کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔

یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان کے بعد فلسطینی حکام نے کہا تھا کہ اس ماہ ہونے والی ملاقات اب نہیں ہو گی اور امریکی نائب صدر کو فلسطینی علاقوں میں خوش آمدید نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے الزام لگایا ہے کہ اقوامِ متحدہ نے فلسطینیوں اور اسرائیلوں کے درمیان امن کے امکانات کو نقصان پہنچایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ دنیا کے ان مراکز میں سے ایک ہے جو اسرائیل دشمنی میں پیش پیش رہے ہیں۔ امریکہ دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا ہے۔

 

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے