پاکستان پاکستان24

واجد ضیا کا جرح میں انکشاف

اپریل 11, 2018 2 min

واجد ضیا کا جرح میں انکشاف

Reading Time: 2 minutes

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے وکیل نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے گواہ واجد ضیا پر جرح مکمل کرلی ہے ۔ واجد ضیا نے دوران جرح بتایا ہے کہ جے آئی ٹی کے ساتھ 30 سے 40 ماہرین کام کر رہے تھے، جن کا نام خفیہ رکھا گیا ہے۔

جج محمد بشیر نے احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی ۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دسویں روز نیب کے گواہ اور پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء پر جرح مکمل کر لی ۔ وکیل خواجہ حارث نے واجد ضیا سے پوچھا کہ کیا جے آئی ٹی رپورٹ میں نیلسن اور نیسکول آف شور کمپنیوں کی نواز شریف کی ملکیت سے متعلق دستاویزات تھیں، کیا جے آئی ٹی کو ایسی دستاویزات ملیں کہ ایون فیلڈ فلیٹ نواز شریف کی ملکیت تھے؟۔ گواہ واجد ضیاء نے جواب دیا کہ ایسی کوئی دستاویز نہیں ۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے پوچھا کہ کیا آپ کے علم میں آیا کہ پاناما جے آئی ٹی کے رکن بلال رسول ق لیگ کے رہنما اور سابق گورنر میاں اظہر کے بھانجے ہیں، کیا معلوم تھا کہ بلال رسول کی اہلیہ نے 2013 میں مسلم لیگ ق سے الیکشن لڑا تھا، تاہم اب وہ تحریک انصاف کی سپورٹر ہیں؟ ۔

واجد ضیاء نے ہاں میں جواب دیا اور کہا کہ تحقیقات کے دوران علم میں آیا تھا کہ بلال رسول میاں اظہر کے بھانجے ہیں، تاہم ان کی اہلیہ کے مسلم لیگ ق سے تعلق اور تحریک انصاف کی سپورٹر کے بارے میں یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ جے آئی ٹی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ۔ وکیل نے پوچھا کہ کیا آپ کے علم میں آیا کہ میاں اظہر کے بیٹے حماد اظہر جے آئی ٹی کی تحقیقات کے دوران عمران خان سے ملے تھے ۔ واجد ضیاء نے نہیں میں جواب دیا ۔ وکیل خواجہ حارث نے پوچھا کہ کیا بریگیڈئیر نعمان سعید آئی ایس آئی کے ریگولر ملازم نہیں تھے؟۔ تو اس پر بھی واجد ضیاء نے لاعلمی کا اظہار کیا ۔

دفاع کے وکیل نے پوچھا کہ کیا تفتیش کے دوران علم میں آیا کہ جے آئی ٹی رکن عامر عزیز کو مشرف دور میں نیب ڈائریکٹر تعینات کیا گیا؟۔ واجد ضیا نے نفی میں جواب دیا ۔ خواجہ حارث نے پوچھا کہ کیا عامر عزیز کو حدیبیہ پیپرز کی تحقیقات کے لئے بلایا گیا تھا؟۔ واجد ضیا نے لاعلمی ظاہر کی۔

احتساب بیورو کے پراسیکیوٹر سردار مظفر نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ اسکینڈل بنانے کے لئے ایسے سوالات نہیں پوچھ سکتے، عدالت کو گواہ کی حفاظت کرنا ہوتی ہے، غیر متعلقہ سوالات سے روکا جائے ۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ میرا حق ہے کہ جانوں جے آئی ٹی کی کیا ساکھ ہے، نیب نے پہلے اپنی مرضی سے بیان ریکارڈ کرایا، اب کہتے ہیں کہ گواہ پر جرح بھی نہ کریں، میں کہتا ہوں جے آئی ٹی رکن بلال رسول کی اہلیہ ق لیگ کی نامزد امیدوار تھی ۔

واجد ضیا نے دوران جرح بتایا کہ جے آئی ٹی کے ساتھ 30سے 40 ماہرین کام کر رہے تھے، جن کا نام خفیہ رکھا گیا ہے۔ خواجہ حارث نے واجد ضیاء پر جرح مکمل کرلی ہے، مریم نواز کے وکیل امجد پرویز جرح جاری رکھیں گے ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے