پاکستان پاکستان24

سیاست دان کو عزت دو، وزیراعظم

مئی 5, 2018 2 min

سیاست دان کو عزت دو، وزیراعظم

Reading Time: 2 minutes

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جتنی عزت ایک جج، جرنیل اور سرکاری افسر کی ہے اتنی ہی عزت سیاست دان کی بھی ہونی چاہیے ۔ وزیراعظم نے یہ بات سیالکوٹ پسرور سڑک کو 2 رویہ کرنے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی ۔ نارووال میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے کام پر توجہ دے اور ساٹھ دن میں انتخابات کرائے ۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فیض آباد دھرنے کے دوران وزیر قانون زاہد حامد نے استعفیٰ دیا حالانکہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہ تھا، میں نے انہیں منع کیا لیکن انہوں نے پھر بھی استعفی دے کر شرافت اور خدمت کی سیاست کا معیار قائم کیا ۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ جس ملک میں سیاست دان کی عزت نہیں ہوگی وہ ترقی نہیں کرسکتا، جتنی ایک جج، جرنیل، اور حکومتی اہلکار کی عزت ہے اتنی ہی سیاست دان کی بھی عزت ہونی چاہیے، ملک کو چلانے اور معاملات کو حل کرنے کا وقت آتا ہے تو وہ کام سیاست دان کے حوالے کیا جاتا ہے، خواجہ آصف نے 30 سال ملک کی خدمت کی لیکن اقامے پر نااہل کر دیا گیا، ایک ویزے پر ساری زندگی کےلیے سیاست دانوں کو نااہل کریں گے تو یہ ملک کے حق میں نہیں، ہم نے عدالتی فیصلے قبول کیے اور سر آنکھوں پر رکھے لیکن تاریخ اور عوام ایسے فیصلے قبول نہیں کرتے اور انہیں مسترد کر دیتے ہیں۔

وزیراعظم عباسی کا کہنا تھا کہ شیشے کے گھر میں سیاست دان رہتا ہے، وہ سب کچھ برداشت کرتا ہے اور ملک کی خدمت کرتا ہے، یہی سیاست دان ملک کے لیے محنت کرتے ہیں، عوام کے سامنے ہر 5 سال کے بعد پیش ہوتے ہیں، صرف سیاست دان کا احتساب ہوتا ہے لیکن کسی اور کا نہیں ہوتا، ملک کی ترقی کا صرف ایک ہی طریقہ ہے ووٹ کو اور سیاست دان کو عزت دیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیصلے کا اختیار عوام کے پاس ہوتا ہے، کوئی اور فیصلہ کا اختیار رکھتا ہے نہ ہونا چاہیے، آئین واضح ہے عوام جو بھی فیصلہ کریں پانچ سال تک اس کی عزت ہونی چاہیے، پی ٹی آئی سمیت سب کے پاس حکومتیں تھیں لیکن کام صرف ن لیگ نے کیا، تقریریں کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ آپ بھی پانچ سال کام کر دکھاتے، کیا مشرف اور زرداری کے پاس وسائل نہیں تھے، سی پیک پہلے نہیں شروع ہوسکتا تھا، ان کے پاس بھی یہی وسائل تھے لیکن تمام منصوبے ن لیگ نے شروع کیے، ہم نے اپنی جیبیں نہیں عوام کی جیبیں بھریں، جی ڈی پی 3 فیصد سے بڑھا کر 6 فیصد کر دی ۔

نارووال میں ایک الگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تیس جولائی سے پہلے ملک میں الیکشن ہوں گے، الیکشن کمیشن اپنے کام پر توجہ دے اور ساٹھ دن میں انتخابات کرائے، جمہوریت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرے گا ۔ فیصلوں پر عمل کیا اور برداشت کئے ۔ خواجہ آصف یہاں بیٹھے ہیں اب عوام کے دلوں میں ان کی عزت زیادہ ہے ۔

 

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے