متفرق خبریں

دھاندلی ہوئی تو نتائج قبول نہیں

جولائی 14, 2018 2 min

دھاندلی ہوئی تو نتائج قبول نہیں

Reading Time: 2 minutes

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ تمام سیاسی قوتوں کو اکٹھا کرکے لائحہ عمل تیار کریں گے، الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو نتائج قبول نہیں کریں گے، نواز شریف کا جیل میں ٹرائل کھلی ناانصافی ہے ۔

لاہور میں نیوز کانفرنس میں شہباز شریف نے کہا کہ اگر دھاندلی ہوئی اور شفاف الیکشن نہ ہوئے تو نتائج قبول نہیں کریں گے، تمام سیاسی قوتوں کو اکٹھا کرکے لائحہ عمل تیار کریں گے، خطرات کے سائے بڑھتے جارہے ہیں، اب تو پیپلز پارٹی بھی چلا اٹھی ہے، اس نے بھی کہہ دیا معاملات خراب ہو رہے ہیں اور الیکشن کا تقدس پامال ہورہا ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ نگران حکومت نے خوف کی صورتحال پیدا کر دی ہے، نواز شریف کے استقبال کے لیے جانے والے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، کنٹینروں سے سڑکیں بند اور ناکے لگا کر دیگر شہروں سے آنے والے قافلوں کو روکا گیا، پولیس کے مظالم و زیادتیوں پر شدید غم و غصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون جلد حرکت میں آئے گا اور زیادتیاں کرنے والوں کو سزا ملے گی، کارکنوں پر تشدد کرنے والے ایک دن انصاف کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے ۔

ن لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ پولیس نے نہ صرف بلااشتعال ہمارے ہزاروں کارکنوں اور عام لوگوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی، بلکہ الٹا پوری اعلیٰ قیادت کے خلاف مقدمے درج کردیے گئے جن میں دہشت گردی کی دفعات بھی لگادی گئیں، جلد ملک گیر یوم سیاہ کی کال دوں گا، پورے ملک میں ہمارے انتخابی جلسوں اور دفاتر میں سیاہ پٹیاں باندھیں جائیں گی اور پرامن احتجاج کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جیل میں دہشت گردوں کا ٹرائل ہوتا ہے، ہمارے خلاف مشرف دور میں بھی ٹرائل جیل میں نہیں کیا گیا، نوازشریف اور مریم نواز کا جیل میں ٹرائل انصاف کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے، ان کے دفاع کے لیے تمام قانونی و سیاسی ذرائع بروئے کار لائیں گے اور انصاف کا دروازہ بار بار کھٹکٹائیں گے، یہ کسی کا ہم پر احسان نہیں ہوگا بلکہ ہمارا حق ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ چیرمین نیب بتائیں کیا یہاں پر اچھا کام بھی ہوا ہے، کئی سو ارب روپے کی کرپشن کرنے والوں کو کسی نے نہیں پوچھا، جو لوگ سرتاپا کرپشن میں ڈوبے ہیں انہیں نیب سمیت کوئی پوچھنے کو تیار نہیں، نیب کے نشانے پر صرف مسلم لیگ (ن) ہے، چیئرمین نیب حقائق کی بنیادوں پرکرپشن کے کیسز میں تحقیقات کریں، جہاں پر بچت کی گئی اچھا کام کیا نیب وہ بھی بتائے ۔ ن لیگ کے صدر نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں بند کراتے ہوئے صاف شفاف الیکشن کیلئے اقدامات کرے، نگراں حکومت اور نیب کے حالیہ اقدامات کا نوٹس لیا جائے، نگراں حکومت کے اقدامات سے الیکشن کے داغدار ہونے کا امکان بڑھ گیا، سپریم کورٹ نوٹس لے ایسا نہ ہو دیر ہوجائے، الیکشن کمیشن کا بھرم ختم ہوجائے اور انتخابات سے عوام کا اعتماد ختم ہوجائے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ بدترین خائن تحریک انصاف میں بیٹھے ہیں جن کے خلاف نیب مقدمات چل رہے ہیں اور اربوں کھربوں کی کرپشن کے الزامات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وہی شخص ہیں جو لندن میں بیٹھ کر افواج پاکستان پر دشنام طرازی کرتے تھے ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے