پاکستان24 متفرق خبریں

اپیلیں اب ستمبر میں سنی جائیں گی

جولائی 20, 2018 2 min

اپیلیں اب ستمبر میں سنی جائیں گی

Reading Time: 2 minutes

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف، مریم نواز اورکیپٹن (ر) صفدرکی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں کو عدالتی چھٹیوں کے بعد سماعت کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ عدالتی چھٹیاں 9 ستمبر کو ختم ہوں گی ۔ عدالت نے کیس دوسرے جج اور منتقل کرنے اور سزا معطل کرکے ضمانت کی درخواستوں کو 30 جولائی کو سننے کا آرڈر جاری کیا ہے ۔ عدالت کے تحریری حکم کے مطابق نیب کو عدالتی معاونت کے لیے افسر مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف،مریم نوازاورکیپٹن صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں کی ابتدائی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سزاؤں کے خلاف اپیلیں باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرلی گئی ہیں، جس پرنیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کرلیا گیا۔ کیس کی سماعت عدالتی تعطیلات کے بعد ہوگی، وکلاء صفائی کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کو زیربحث لانے کی ضرورت ہے، نیب ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے پرعدالت کی معاونت کے لیے افسر مقرر کرے ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت جولائی کے آخری ہفتے میں ہوگی، کیس کو سماعت کے لیے جولائی کے آخری ہفتے میں دستیاب بینچ کے سامنے مقرر کیا جائے ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ تین دن قبل عدالت میں حکم لکھواتے ہوئے اپیلوں کی سماعت بھی جولائی کے آخری ہفتے تک ملتوی کی گئی تھی ۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے جسٹس محسن اخترکیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پرمشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی تھی ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے