پاکستان24 متفرق خبریں

زرداری، بلاول کے اثاثوں کی تفصیل طلب

اگست 7, 2018 2 min

زرداری، بلاول کے اثاثوں کی تفصیل طلب

Reading Time: 2 minutes

سپریم کورٹ نے این آر او قانون کی وجہ سے ملکی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کیلئے دائر کی گئی درخواست پر پرویز مشرف، آصف زرداری اور ملک قیوم کے غیر ملکی اثاثوں اور اکاونٹس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں ۔ عدالت نے این آر او سے مستفید ہونے والے دیگر افراد کے بیرون ملک بنک اکائونٹس کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں ۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس درخواست میں تمام جواب دہندہ بنک اکائونٹس سمیت اپنے اثاثوں کی تفصیلات بیان حلفی کے ذریعے جمع کرائیں ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ یہ کیس تو صرف این آر او سے متعلق ہے اس میں اس طرح کا حکم کیسے دیا جا سکتا ہے؟ چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں علم ہے لیکن اپنے دائرہ اختیار کو توسیع رہے ہیں ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اپنے مؤکل کے بچوں کے اثاثوں کو تفصیلات دے دیں ۔ فاروق نائیک نے کہا کہ میرے موکل کے بیٹے بلاول زرداری نے الیکشن لڑا اور تفصیلات الیکشن کمیشن کو دیں، زیر کفیل اور خود کفیل بچوں کا معاملہ الگ ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ سب کے اثاثے بتا دیں چاہے وہ زیر کفیل یا خود کفیل ہوں تاکہ آپ سر خرو ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر چاہتے ہیں تو بچوں کو الگ نوٹس جاری کر دیتے ہیں ۔ وکیل نے کہا کہ بی بی شہید کی جائیداد بھی بچوں اور شوہر کو ملی ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وہ معاملہ ہمارے پاس نہیں، ہم محترمہ کی بے احترامی نہیں کر سکتے وہ شہید ہو چکی ہیں ۔ عدالت نے ملک قیوم اور جنرل پرویز مشرف سمیت این آر او میں آنے والے تمام افراد کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر کے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے