متفرق خبریں

دوبارہ گنتی کے خلاف درخواست منظور

اگست 8, 2018 2 min

دوبارہ گنتی کے خلاف درخواست منظور

Reading Time: 2 minutes

این اے 131 میں سپریم کورٹ نے عمران خان کی دوبارہ گنتی کے خلاف درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا ہے ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے عمران خان کی جانب سے بابراعوان کے توسط سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔

لاہور ہائیکورٹ نے سعد رفیق کی درخواست منظور کرتے ہوئے دو بارہ گنتی کا حکم دیا تھا جس کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا اور لاہور ہائیکورٹ میں استدعا کی گئی کہ فیصلہ آنے تک گنتی روکی جائے جو کہ لاہور ہائیکورٹ نے مسترد کر دی تھی تاہم سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا دوبارہ گنتی کا فیصلہ معطل کر دیا ہے ۔

خواجہ سعد رفیق کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے تمام حلقے کھولنے کا کہا تھا، جیت کا مارجن 5 فیصد سے کم ہو تو قانون کے مطابق آر او دوبارہ گنتی کرانے کا مجاز ہے ۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ این اے 131 کا نتیجہ آ چکا ہے، سیاسی تقاریر کا جائزہ سیاسی فورم پر لیں ۔ جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ حلقے کی نمائندگی کو کیسے روک سکتے ہیں؟رزلٹ مرتب ہوچکا ہے، آر او کے پاس دوبارہ گنتی کا اختیار ہے، الیکشن کمیشن کا معاملہ ہے، ہائیکورٹ کیسے مداخلت کرسکتی ہے ۔ خواجہ سعد رفیق کے وکیل کا کہنا تھا کہ دوبارہ گنتی کیلئے متعلقہ قانون یعنی الیکشن ایکٹ 2017 کو دیکھ لیا جائے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ قانون کی متعلقہ شق کون سی ہے؟ قانون کو بعد میں دیکھ لیں گے ۔ وکیل سردار اسلم نے کہا کہ عمران خان نے این اے 131 کی نشست برقرار رکھی تو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کریں گے، ہمیں لاہور ہائیکورٹ سے درخواست واپس لینے کی اجازت دی جائے ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے