پاکستان

الیکشن کمیشن میں سماعتیں

ستمبر 6, 2018 2 min

الیکشن کمیشن میں سماعتیں

Reading Time: 2 minutes

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف اور دیگر بڑی سیاسی جماعتوں کے الیکشن میں اضافی انتخابی اخراجات کی تحقیقات کیلئے دائر درخواست کی سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے ۔ سماعت کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کہتے ہیں تحریک انصاف میں شمولیت سے متعلق قریبی دوستوں سے مشاورت کر رہا ہوں ۔ تحریک انصاف کی خواہش ہے کہ میں قومی اسمبلی میں عارف علوی کی خالی نشست سے الیکشن لڑوں ۔

اضافی انتخابی اخراجات کی تحقیقات سے متعلق درخواست پر الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں دو رکنی کمیشن نے سماعت کی ۔ درخواست گزار فاروق ستار اور ان کے وکیل احمد رضا قصوری الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ۔ احمد رضا قصوری نے کہا کہ انتخابی اخراجات سے متعلق درخواست دائر کر رکھی ہے، آئندہ کی تاریخ دی جائے، الیکشن کمیشن نے فاروق ستار کی درخواست پر سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ میں گزشتہ تیس برسوں سے ایک جماعت اور ایک منشور سے جڑا رہا ہوں، تحریک انصاف کے بعض ارکان نے مجھ سے پارٹی میں شمولیت کیلئے رابطہ کیا، تحریک انصاف کی خواہش ہے کہ میں قومی اسمبلی میں عارف علوی کی خالی نشست سے الیکشن لڑوں ۔
فاروق ستار نے کہا کہ میں نے الیکشن کمیشن میں بڑی سیاسی جماعتوں کے بے لگام انتخابی اخراجات پر درخواست دی ہے، تمام امیدواروں کو عام انتخابات میں یکساں مواقع نہیں مل پاتے، سیاسی جماعتیں کروڑوں روپے خرچ کر دیتی ہیں ۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) 2 ،2 ارب جب کہ تحریک انصاف ایک ارب روپے خرچ کر دیتی ہے، ٹی وی پر اشتہارات دے کر انتخابی مہم چلائی جاتی ہے، ان اخراجات کو پارٹی اثاثہ جات میں ظاہر کیا جانا چاہیئے ۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن نے اسلامی تحریک پاکستان کے خلاف ملک نصیر سلطان کی درخواست خارج کر دی ۔ اسلامی تحریک پاکستان کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کے سامنے وکیل سکندر گیلانی پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ اسلامی تحریک پاکستان ایک پرامن جماعت ہے، اسلامی تحریک پاکستان باقاعدہ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ جماعت ہے،الیکشن کمیشن نے اسلامی تحریک پاکستان کے خلاف ملک نصیر سلطان کی درخواست خارج کر دی ۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 196 جیکب آباد میں دوبارہ گنتی کرانے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، فیصلہ 10ستمبر کو سنایا جائے گا ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے