کھیل

افغان ٹیم نے حیران کر دیا

ستمبر 22, 2018 2 min

افغان ٹیم نے حیران کر دیا

Reading Time: 2 minutes

ابو ظہبی میں ایشیا کپ کے ایک میچ میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے ۔ پاکستان نے 258 رنز کا ہدف آخری اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا ۔

آخری اوور میں پاکستان کو فتح کے لیے دس رنز درکار تھے جو اس نے محض تین گیندوں پر حاصل کر لیے ۔ شعیب ملک نے آخری اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا ۔ شعیب ملک 51 اور حسن علی چھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔

افغانستان نے پاکستان کے خلاف اپنے تیسرے ایک روزہ میچ میں انتہائی شاندار کارکردگی دکھائی اور چھ وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ افغانستان کی اننگزر کی خاص بات حشمت اللہ کی بیٹنگ تھی جنھوں نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 97 رنز بنائے ۔ کپتان اصغر افغان نے 67 رنز بنائے ۔ ان دونوں نے 94 رنز کی شراکت قائم کی ۔ رحمت شاہ نے 36 رنز بنائے اور اوپنر محمد شہزاد 20 رنز بنا سکے ۔

پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے شاہین آفریدی نے نمایاں بولنگ کی اور دس اوورز میں 38 رنز کے عوض دو کھلاڑی آؤٹ کیے ۔ ان کی بدقسمتی رہی کہ ان کی گیند پر تین مواقعوں پر کیچ چھوڑے گئے ۔ بائیں ہاتھ کے سپنر محمد نواز شاداب خان کی جگہ ٹیم میں آئے اور انھوں نے بھی اچھی بولنگ کی اور تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے ۔

افغانستان کی جانب سے دیے گئے 258 رنز کے ہدف کے جواب میں جب پاکستان کے اوپنرز میدان میں اترے تو پہلے ہی اوور میں فخر زمان ایک بار پھر صفر رنز پر آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے ۔ پہلا اوور کرانے والے سپنر مجیب الرحمان نے ان کو ایل بی ڈبلیو کر دیا ۔ صفر کے سکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد امام الحق اور بابر اعظم کے درمیان 154 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی جس کے بعد امام الحق 80 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے ۔

اس کے بعد بابر اعظم بھی 66 کے انفرادی سکور پر راشد خان کی گیند پر سٹمپڈ آؤٹ ہوئے ۔ حارث سہیل 13 رنز بنا کر مجیب الرحمان کی دوسری وکٹ بنے جبکہ سرفراز احمد ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف آٹھ رنز بنا سکے، انھیں گلبدین نائب نے بولڈ کیا ۔ آصف علی بھی صرف سات رنز بنا سکے اور راشد خان کی دوسری وکٹ بنے۔ راشد خان نے ہی محمد نواز کو دس رنز پر بولڈ کیا اور اپنی تیسری وکٹ حاصل کی ۔

واضح رہے کہ افغانستان کی ٹیم نے اس ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے ۔ پہلے سری لنکا کو مات دی اور اس کے بعد اپنے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کو بھی چاروں شانے چت کیا جس میں ان کے سب سے اہم کھلاڑی راشد خان نے مرکزی کردار ادا کیا ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے