کالم

بدکاروں کی حکومت

ستمبر 29, 2018 4 min

بدکاروں کی حکومت

Reading Time: 4 minutes

اظہر سید

بدکار صرف غیر قانونی جنسی جرائم کے مرتکبین کو نہیں کہتے جھوٹ بولنے ،فراڈ اور دھوکہ دینے والے کا لفظی مطلب بھی بدکار ہی ہے۔جہاں تک منتخب کرائے گئے وزیراعظم کی بد کاری کے حوالہ سے امریکی عدالت کے فیصلے کا تعلق ہے اس کو پرکاہ اہمیت دینے کی ضرورت نہیں ان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات ٹھیک نہیں اس لئے ایسے ملک کی عدالتوں پر بھی اعتماد کرنے کی ضرورت نہیں۔اگر بات سابقہ اہلیہ کے پاس پلنے والی ٹریاں کی ہے تو ہمیں اس سے کیا ۔ہمیں تو 24 کروڑ پاکستانیوں کی آخری پناہ گاہ کی فکر ہے جیسے کلمہ طیبہ یعنی دو قومی نظریہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا۔
جب دنیا بھر میں عالم اسلام کی واحد ایٹمی طاقت پاکستان اور یہاں رہنے والوں کا تمسخر بنایا جاتا ہے دل سے ان لوگوں کیلئے بد دعا نکلتی ہے جنہوں نے اس ملک پر جھوٹ بولنے والے بدکار مسلط کئے۔اسقدر جھوٹ بولا نوجوان نسل کا بڑا حصہ گمراہ کر دیا اس پر یہ ضد سب کچھ ملک کے بہترین مفاد آئیں اور قانون کے مطابق ہو رہا ہے ۔میڈیا ہاوسز کو احکامات جاری ہوتے تھے لاڈلہ کی خبر ہیڈ لائین میں سب سے پہلے لگانی ہے اور بار بار اعادہ بھی کرنا ہے ۔خبر یہ ہوتی تھی مجھے قرضہ لینا پڑا خود کشی کر لوں گا۔300 ارب روپیہ کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے۔8 ہزار ارب روپیہ کا ٹیکس حاصل کروں گا۔شریف خاندان نے ملک کو لوٹ لیا تبدیلی لاوں گا۔بیرون ملک مقیم پاکستانی 200 ارب ڈالر پاکستان بھیجیں گے۔ لوگ بیرون ملک سے نوکریاں کرنے پاکستان آیا کریں گے ۔ موڈی کے یار کے بھارت میں کاروبار ہیں موڈی کو جرات نہیں ہوگی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی۔ایک کروڑ نوکریاں دوں گا۔
پناما ڈرامے اور اس سے پہلے دھرنے کے دوران جھوٹ ،دھوکے اور فراڈ کے جس کھیل کا آغاز کیا گیا اس کی قیمت ادا کرنے کا وقت آن پہنچا ہے ۔ابھی تو عالمی سطح پر رسوائی کا آغاز ہے ابھی تو بھارتی سرجیکل سٹرائیک کی دھمکی دے رہے ہیں ابھی تو چینیوں کی طرف سے اشارے دئے جا رہے ہیں مستقبل میں ہمارے منہ میں خاک بدترین حالات کیلئے تیار رہنا ہو گا ۔اگر ہوش کے ناخن نہ لئے گئے یہ جھوٹے اور مکاری کے بادشاہ ملک کو کوئی نقصان پہنچا دیں گے اور ہم ہاتھ ملتے رہ جائیں ۔جھوٹے بدکاروں کو مسلط کرنے والے تو بیرون ملک زیر تعلیم بچوں کے پاس منتقل ہو جائیں گے 24 کروڑ پاکستانی کہاں جائیں گے ۔
یہ کتنے جھوٹے ہیں اور سب کے سب جھوٹے ہیں ۔ایٹمی پاکستان کا وزیر خارجہ محفل میں امریکی صدر سے ہاتھ ملانے کا موقع پاتا ہے اور انٹرویو میں قوم کو خوشخبری سناتا ہے امریکی صدر سے مفید مذاکرات ہوئے ہیں اور امریکی تو ہیں ہی کمینے برابر پریس نوٹ جاری کر دیتے ہیں کوئی بات نہیں ہوئی صرف مصافحہ ہوا تھا۔بھارتی تو ازلی دشمن ہیں ۔نو منتخب حکومت کو بھارتیوں کی طرف سے مبارک باد کا رسمی خط ملا جھٹ سے اعلان کر دیا بھارت مذاکرات کیلئے تیار ہے انہیں بھی تردید کیلئے باضابطہ بیان جاری کر کے بدنام کرنے کا موقع ہاتھ آ گیا۔لاڈلا پہلوان صحافیوں سے بات چیت کے دوران فراڈ کرتا ہے فرانسی صدر کا فون ہے لیکن مصروف ہوں پھر بات کروں گا ۔فرانسسی بھی کمینے نکلے فوری تردید جاری کر دی ہمارے صدر نے کوئی فون نہیں کیا۔
پیرنی نے تو کمال کر دیا کتے شیرو کی آنکھوں سے آنسو بہا دئے نماز کے دوران قریب آنے پر صرف اشارہ کیا تھا دور جانے کا اتنا رقیق القلب نکلا آنسو ٹپ ٹپ بہنے لگے۔کون لوگ مسلط ہو گئے ہیں ۔ایل این جی سے 8 روپیہ یونٹ بجلی بنتی تھی اس کی درآمد کم کر کے فرنس آئل اور ڈیزل سے دوبارہ 18 روپیہ اور 20 روپیہ یونٹ بجلی بنانا شروع کر دی۔فرنس آئل اور ڈیزل کی درآمد میں بھی موجیں اور مہنگی بجلی بنا کر فروخت کرنے میں بھی وارے نیارے۔حیرت ہوتی ہے کس قدر مکار ہیں ایک اے ٹی ایم مشین ہاوسنگ اسکیمیں بناتی ہے اور نوٹ چھاپتی ہے اس مشین کا ہاوسنگ پراجیکٹ اسلام آباد میں بحریہ اینکلیو کے ساتھ منسلک ہے پہنچ گئے حکومتی عہدیدار سرکاری افسران اور میڈیا والوں کے ساتھ اور سپریم کورٹ میں بھی بازگشت سنائی دینے لگی بحریہ اینکلیو نے کمرشل اور رہاشی اراضی پر ناجائز قبضہ کیا ہے واگزار کرایا جائے گا۔ کوئی اینکر پروگرام نہیں کرے گا اس ڈرامے سے علیم خان کی بحریہ اینکلیو کے ساتھ جڑی ہاوسنگ اسکیم کو بے پناہ فائدہ ہو رہا ہے۔روپیہ کی قیمت کم کرنے والوں نے کی لیکن فائدہ ملک کی سب سے بڑی شوگر ملز کےمالک اور ملک کی تین بڑی کھاد فیکٹریوں کو ہوا انہوں نے کھادوں اور چینی کی قیمتیں بڑھا دیں جو خرچ کیا تھا چند ہفتوں میں دوگنا وصول کر لیا۔
ایک نابغہ ریڈیو پاکستان کی تاریخی اور اربوں روپیہ کی عمارت پر ہاتھ صاف کرنے لگا تھا اللہ بھلا کرے ریڈیو ملازمین کا ڈٹ گئے ۔آئی ایم ایف والے آ گئے ہیں روپیہ کی قیمت میں مزید کمی ہوگی کیونکہ جھوٹ بولنے والے یہ بدکار معاشی تباہی اور سی پیک کیلئے مسلط کئے گئے ہیں سی پیک کے منصوبوں پر نظر ثانی ہو گی ۔عوام میں مہنگائی کی وجہ سے افراتفری کی وجہ سے مسلط کرنے والوں کے خلاف جذبات پیدا ہونگے اور پیدا ہو رہے ہیں ۔پاکستان کے اصل دشمن اور پاکستان کو ایٹمی طاقت تسلیم نہ کرنے والے افغانستان میں اپنی ناکامی کا بدلہ لینے کیلئے تیار ہو رہے ہیں کوئی سرجیکل سٹرائیک کی دھمکی دے رہا ہے کوئی افغان سرزمین سے کوئی نیا آپریشن کرنے کی منصوبہ بندی کوئی معاشی افراتفری کیلئے اپنے ایجنٹوں سے عجیب و غریب فیصلے کرا رہا ہے اور یہاں کتوں کے آنسو نکل رہے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے