متفرق خبریں

پانی بیچنے والی کمپنیاں پیسے دیں

اکتوبر 11, 2018 2 min

پانی بیچنے والی کمپنیاں پیسے دیں

Reading Time: 2 minutes

منرل واٹر بنانے والی کمپنیوں نے زمین سے نکالے پانی کی قیمت ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ کمپنیوں سے وصول کی جانے والی رقم ملک میں پانی کے ذخائر کی بہتری کے لیے استعمال کی جائے ۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی عدالتی بنچ نے پینے کا پانی بیچنے والی کمپنیوں کے خلاف لئے گئے ازخود نوٹس کی سماعت کی ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق عدالت کو وکیل اقبال احمد نے بتایا کہ زمین سے پانی نکالنے پر کمپنیوں سے رقم وصولی کا قانون موجود نہیں ہے ۔ ملٹی نیشنل کمپنی نیسلے کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ اگر قانون نہیں ہے تو ہمارا قصور بھی نہیں ہے ۔

عدالت نے ایف بی آر اور پانی بیچنے والی کمپنیوں کے وکیلوں کو مشاورت کر کے متفقہ حل تلاش کرنے کی ہدایت کی ۔ وقفے کے بعد کمپنیوں کے وکیلوں نے زمین سے نکالے پانی کی قیمت ادا کرنے پر عدالت میں آمادگی کا اظہار کیا ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ عدالت میں پگھل گیا ہوں ہم قیمت دینے پر تیار ہیں ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اللہ تعالی نے آپ لوگوں کے دلوں میں پاکستان کے لیے محبت پیدا کر دی ہے، اعتزاز صاحب اور تمام وکلاء کا مشکور ہوں کہ آپ نے ملک کے لیے اتنا بڑا کام کر دیا ہے، اعتزاز صاحب لوگ آپ کی عزت کرتے ہیں، آپ کو سنتے ہیں ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پانی کا مسئلہ بہت سنگین ہے، لوگوں کے دلوں میں ملک کی محبت ڈالیں، یہ ملک ہماری ماں ہے، اس کے لیے ڈیلیور کرنا ہے، کمپنیوں سے پانی کی قیمت لینے اگر قانون سازی کی ضرورت ہے تو حکومت کرے ۔

عدالت نے قرار دیا کہ کمپنیوں سے پانی کی رقم وصولی کا یہ حکم نامہ پورے ملک پر نافذ العمل ہوگا، چاروں صوبے پانی کی قیمتوں کے تعین کی پالیسی بنائیں اور ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کریں ۔ پاکستان ٹوئنٹی فور کے مطابق عدالت نے ہدایت کی ہے کہ کمپنیوں سے پانی کی مد میں وصول رقم زیر زمین آبی وسائل کی بہتری کے لیے استعمال کی جائے ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے