کالم

ایک زرداری سب پر بھاری

نومبر 23, 2018 2 min

ایک زرداری سب پر بھاری

Reading Time: 2 minutes

اظہر سید
آصف علی زرداری بہت سیاناسمجھتے ہیں ۔کراچی میں ایم کیو ایم کی سیٹوں پر ہاتھ صاف کر لیا اور سینٹ کی دو اضافی سیٹیں حاصل کر لیں ۔پیپلز پارٹی سے عشق کرنے والے جیالے جو اب خال خال ہی ہیں سر دھنتے تھے بلوچستان میں بھی زرداری نے کرشمہ دکھا دیا اور مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کا دھرن تختہ کر ڈالا ۔ آصف علی زرداری کی ہنر مند سیاست تھی پانچ سو ووٹ لینے والے کو بلوچستان کا وزیراعلی بنا دیا گیا اور میثاق جمہوریت کی نماز جنازہ ایک مرتبہ پھر پڑھ لی گئی ۔ ملک کے اصل مالکان سے تعلقات کی گرم جوشی اس سطح پر تھی کے پی کے میں بھی سینٹ کی ایک سیٹ لے اڑے ۔چیرمین سینٹ کے انتخابات میں عقل مندی کی انتہا کر دی ۔تمام جمہوری قوتیں چیختی رہیں اسفند یار ولی ،محمود اچکزئی ،آفتاب شیر پاو، مولانا فضل الرحمن ،بلوچ قوم پرست جماعتیں سب نے تر لے کئے منتیں کیں چیرمین سینٹ کے انتخاب میں مشترکہ امیدوار لے آتے ہیں ۔میاں نواز شریف نے غلطیوں کی کھلے عام معافی مانگی رضا ربانی کو چیرمین سینٹ بنانے پر آمادگی ظاہر کر دی لیکن آصف علی زرداری بہت سیانا تھے ۔زرداری اسی عطار کے لونڈے سے دوا لینے پر مصر رہے جس نے انہیں گیارہ سال جیل میں رکھا "مرد حر” بننے کا موقع فراہم کیا ۔ ایک زرداری سب پر بھاری کا جملہ اتنا کیف آور تھا دم پر کھڑے ہو گئے ،لگے بڑکیں مارنے "وزیراعظم وہ بنے گا جیسے میں چاہوں گا” عطار کے لونڈے نے اپنا چیرمین سینٹ بنوا لیا ۔عطار کے لونڈے نے چند کلیاں نشاط کی چننے کی اجازت دی اور عطار کے لونڈے نے عاشقی کا ایسا دھوکہ دیا اب گلیاں سنسان ہیں مرزا یار ضمانتیں کراتا پھر رہا ہے ۔
ایک زرداری سب پر بھاری صرف ایک ٹشو پیپر ہی تھا ۔تمام شوگر ملیں ،اومنی گروپ کی تمام ٹرانزکشن مردوں اور فالودے والوں کے اکاونٹس مکڑی کے وہ جالے ہیں جس میں سیانا زرداری پھنس گیا ہے ۔
عطار کے لونڈے نے نواز شریف حکومت گرانا تھی ۔لونڈہ بہت تجربہ کار ہے اس نے کامیابی سے آصف علی زرداری کو استمال کر لیا ہے ۔اب صرف زرداری ہی نہیں فریال تالپور بھی شکنجے میں پھنس گئی ہے ۔کوئی دن جاتا ہے ایک زرداری سب پر بھاری بھی میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی طرح عطار کے لونڈے سے محبت کی قیمت ادا کر رہا ہو گا۔جو غلطی نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی کے معاملہ میں کالا کوٹ پہن کر کی وہی غلطی سیانا زرداری بھی کر بیٹھا ہے ۔اب چڑیاں کھیت میں موجود دانہ دنکا چگ گئی ہیں اب نوشتہ دیوار سامنے لکھا نظر آرہا ہے اب گرفتاری ہو گی ۔یہاں بھٹو پھانسی چڑھ گیا ہمالیہ نہیں رویا ،یہاں پنجاب کا مقبول لیڈر نواز شریف لونڈے کی بے وفائی کی بھینٹ چڑھ گیا پنجاب خاموش رہا زرداری کیا بیچتا ہے۔یاروں نے 58 2 بی ختم کر کے دھمال ڈالی تھی اب جمہوریت پر شب خون کون مارے گا ۔اگلوں نے بابے رحمتوں کے ذریعے پہلے گیلانی کا ناشتہ کر لیا پھر نواز شریف کا لنچ اب اگلے عمران خان کا ڈنر کرنے کیلئے چھری کانٹے تیز کر رہے ہیں ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے