پاکستان

قبضہ کرنے والے ناسور ہیں

دسمبر 12, 2018 2 min

قبضہ کرنے والے ناسور ہیں

Reading Time: 2 minutes

سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ چیف جسٹس ثاقب ںثار نے کہا ہے کہ ناجائز تجاوزات اور قبضہ کرنے والے ناسور ہیں ۔

عدالت عظمی کراچی رجسٹری میں تجاوازت ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی ہے ۔  عدالت میں پیش کی گئی وفاقی، صوبائی و شہری حکومتوں کی مشترکہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ حکومت تجاوزات آپریشن کے متاثرین کی بحالی اورانہیں متبادل جگہ فراہم کرے گی ۔ جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ جب تجاوزات ہو رہی تھیں سندھ حکومت آنکھیں بند کرکے بیٹھی تھی، اس طرح شہر تباہ ہو گیا ۔ سندھ کے ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ یہ صورتحال میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی غفلت کے باعث ہوئی جس پر کراچی کے میئر وسیم اختر نے کہا کہ ایسا کہنا درست نہیں ۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ کے بلدیہ والے سپریم کورٹ کا نام استعمال کرکے گھروں کو بھی مسمار کر رہے ہیں، کے ایم سی، ایس بی سی اے والے کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کسی کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرے گی لیکن آپریشن قانون کے عین مطابق ہونا چاہیئے، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 6 ہفتوں کا پیشگی نوٹس صرف رفاعی پلاٹوں پرقائم گھروں سے متعلق ہے، تجاوزات والوں کیلئے کوئی نوٹس نہیں ۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ بلڈرز مافیا کی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری رہنا چاہیئے ۔

عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کو 15 دنوں میں تمام کیسزترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا ۔ لائٹ ہاؤس کے لنڈا بازارکی دکانیں مسمارکرنے کے خلاف تاجرالائنس کی درخواست عدالت نے مسترد کر دی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جو ناجائز بیٹھا ہے اس کی کوئی حمایت نہیں کرے گا جب کہ غیرقانونی تعمیرات اور قبضہ کرنے والے ناسور ہیں ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے