پاکستان24 عالمی خبریں

افغانستان سے یورپ راستہ کھل گیا

دسمبر 15, 2018 2 min

افغانستان سے یورپ راستہ کھل گیا

Reading Time: 2 minutes

چاروں طرف سے مشکلوں میں گھرے افغانستان نے ایک پڑوسی سے مایوس ہونے کے بعد دوسرے پڑوسی کے گھر سے اپنے راستے بنانا شروع کر دیئے ہیں ۔ لاپس لازولی کوریڈور نے خطے میں تجارت کے نئے امکانات کھول دیئے ہیں ۔

افغان ذرائع ابلاغ میں وہاں کے تجزیہ کاروں نے لکھا ہے کہ لاپس لازولی کوریڈور کا افتتاح پاکستان کے لئے بڑا دھچکا ثابت ہوگا ۔
افغان حکومت نے ترکمانستان کے راستے ایک نئے ٹرانزٹ روٹ کا افتتاح کیا ہے ۔ مغربی شہر ہرات میں ترکمانستان کے راستے لاپس لازولی کوریڈور کا افتتاح کرتے ہوئے افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے کہا ہے کہ اس سڑک کے راستے نہ صرف وسطی ایشائی ممالک بلکہ یورپ اور جنوبی ایشا کے ساتھ تجارت میں اضافہ ہوگا ۔ افغان صدر نے پاکستان کی جانب سے سرحد بند کرنے کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ ماضی قریب میں افغانستان پر تجارتی پابندیاں عائد کی گئی تھیں، مگر اب حالات تبدیل ہوچکے ہیں ۔ افغان صدر نے راہداری کے لئے کام کرنے پر ترکمانستان، ترکی اور آذربائیجان کی تعریف کی ۔

 

لاپس لازولی کوریڈور کی تعمیر کے لئے اکتوبر 2017ء میں افغانستان، ترکی، ترکمانستان، آذربائیجان اور جارجیا نے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ یہ کوریڈور افغانستان کے شمالی صوبے فاریاب سے ہوتا ہوا ہرات طورعونڈی اور ترکمانستان کے ترکمان باشی تک جائے گا۔ اور اس طرح یہ آذربائیجان کے دارالخلافے باکو سے تبلیسی جارجیا کے بحیرہ اسود سے آگے بتومی اور پوٹی کی بندرگاہوں اور ترکی کے کارز اور استنبول کے راستے یورپ تک جائے گا۔

افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان سے مایوسی اور ایران پر عالمی پابندیوں کے بعد افغانستان کیلئے نئے مواقع اور راستے تلاش کرنا ضروری ہے ۔ اطلاعات کے مطابق طورخم بارڈر پر افغانستان کے تازہ پھلوں سے لدے لگ بھگ 70 ٹرک پچھلے 20 دنوں سے کھڑے ہیں جبکہ افغانستان میں پاکستانی تاجروں کے سینکڑوں ٹرک اور ٹرالر بھی رکے ہوئے ہیں ۔

پاک افغان سرحد کے راستے تجارت کرنے والے تاجروں اور ٹرانسپورٹ انڈسٹری سے وابستہ افراد اس صورتحال پر سخت پریشان ہیں اور ان کا خیال ہے مستقبل میں علاقے میں معاشی سرگرمیاں مزید متاثر ہوں گی ۔

 

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے