کھیل

برطانیہ میں ناصر جمشید پر فرد جرم

دسمبر 20, 2018 2 min

برطانیہ میں ناصر جمشید پر فرد جرم

Reading Time: 2 minutes

برطانوی کی کراون پراسیکیوشن نے پاکستانی کرکٹر ناصر جمشید پر رشوت کے الزامات میں فرد جرم عائد کی ہے ۔ رشوت ستانی کے یہ الزامات برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے پاکستان اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز کی جانب سے منعقد کردہ کرکٹ ٹورنامنٹس میں سپاٹ فکسنگ کی تحقیقات میں سامنے آئے ہیں۔

ناصر جمشید کے علاوہ دو برطانوی شہریوں یوسف انور اور محمد احجاز کے نام بھی اس فرد جرم میں شامل ہیں ۔ بی بی سی کے مطابق کراؤن پروسیکیوشن سروس نے ان تینوں افراد کو تحریری نوٹس جاری کر دیے ہیں جن میں ان افراد کو رشوت ستانی کے دو دو الزامات کا سامنا ہے۔

یہ افراد 15 جنوری 2019 کو مانچسٹر میں مجسٹریٹ کورٹ میں پیش ہوں گے۔ نینشل کرائم ایجنسی کو اس تحقیقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ کا مکمل تعاون حاصل تھا۔

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن ٹریبونل کی اپنی تحقیقات کے نتیجے میں رواں سال اگست میں ناصر جمشید پر سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر دس سال کی پابندی عائد کی گئی تھی اور فیصلہ کیا گیا تھا کہ وہ پابندی کے بعد بھی کرکٹ کی کسی بھی انتظامی نوعیت کی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

ناصر جمشید انگلینڈ میں مقیم ہیں اور انھوں نے کسی بھی مرحلے پر پاکستان آکر ٹریبونل کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا تھا تاہم وہ سکائپ کے ذریعے ٹریبونل کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ ناصر جمشید کا نام گذشتہ سال پاکستان سپر لیگ کے موقع پر سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سامنے آیا تھا۔ اس سکینڈل میں ملوث کرکٹرز شرجیل خان اور خالد لطیف پر پانچ پانچ سال کی پابندیاں عائد ہیں۔

خالد لطیف کی پانچ سالہ پابندی کے خلاف اپیل رد کر دی گئی تھی تاہم ان پرعائد کردہ دس لاکھ روپے جرمانہ ختم کردیا گیا تھا۔

ماضی میں سنہ 2010 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورۂ انگلینڈ کے دوران سپاٹ فکسنگ سکینڈل سامنے آیا جس میں تین کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر ملوث تھے۔

اس سکینڈل میں یہ بات سامنے آئی کہ پاکستانی فاسٹ بالرز محمد عامر اور محمد آصف مبینہ طور پر بک میکر سے طے کیے گئے معاملات کے مطابق نو بال کریں گے۔

آئی سی سی نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ٹریبونل قائم کیا جس نے سلمان بٹ پر دس سال کی پابندی عائد کی جن میں پانچ سال معطل سزا کے تھے۔ محمد آصف پر سات سال کی پابندی عائد کی گئی جن میں دو سال معطل سزا کے تھے جبکہ محمد عامر پر پانچ سالہ پابندی عائد کی گئی۔

تینوں کرکٹرز کو لندن کی عدالت نے جیل بھی بھیجا تھا ۔ محمد عامر کو چھ ماہ قید، محمد آصف کو ایک سال جبکہ کپتان سلمان بٹ کو ڈھائی سال قید کی سزا سنائی گئی تھی ۔

 

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے