پاکستان

نعلین مبارک چوری کیس کی سماعت

جنوری 16, 2019 2 min

نعلین مبارک چوری کیس کی سماعت

Reading Time: 2 minutes

سپریم کورٹ نے بادشاہی مسجد لاہور سے نبی پاک کے نعلین کی چوری کے اشتہارات جاری کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ عدالت نے پنجاب پولیس کو حکم دیا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری رکھے اور ہر تین ماہ بعد رپورٹ دی جائے ۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے نبی پاک کی نعلین کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی ۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اس نایاب چیز کی قیمت ہی کوئی نہیں، جب سے چوری ہوئی درخواست گزار ننگے پاوں پھر رہا ہے ۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم کے سربراہ نے عدالت کو بتایا کہ 31 جولائی 2002 کو مغرب اور عشاء کے درمیان نعلین کی چوری ہوئی، معاملے کی ہر پہلو سے تفتیش کی کہ کہیں نعلین مبارک اسمگل تو نہیں ہوگئے ہوں ۔ تفتیشی ٹیم نے نعلین مبارک کی پیمائش بھی کرائی تھی اور بادشاہی مسجد کے باکس پر موجود فنگر پرنٹس کا جائزہ بھی لیا ۔ ایک دفعہ کراچی سے بھی خبر آئی ہم وہاں بھی گئے، اب ہمارے پاس اصل نعلین مبارک کی پہچان کا پیمانہ بھی آ گیا ہے، اور اس پر 15 لاکھ انعام بھی مقرر کیا ہے ۔

دوران سماعت عدالت میں نعلین مبارک کا ویڈیو کلپ بھی چلایا گیا ۔ چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا کہ کیا ٹی وی اور اخبارات پر اس معاملے کی تشہیر کی گئی، تاکہ کوئی اللہ کا نیک بندہ ہمیں معلومات دے دے، چیف جسٹس نے کہا کہ جس نے نعلین پاک چوری کی وہ تو بد بختی کا شکار ہو ہی گیا ہے ۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے مسلمانوں کے لیے تو اس کی بہت اہمیت ہے، اس طرح کے تبرکات بین الاقوامی میوزیم کو بیچ دیے جاتے ہیں، جس پر تفتیشی ٹیم کے سربراہ نے عدالت کو بتایا کہ ترکی کے توپ کاپے میوزیم اور انگلینڈ کے میوزیم سے بھی چیک کیا ۔ چیف جسٹس نے کہا اس معاملے کو ہم نے نہیں چھوڑنا، اپنے آرڈر میں لکھوا دیں گے کہ پولیس بتادے کہ آئندہ کیا کرنا ہے، تفتیشی ٹیم کے سربراہ نے کہا کہ اس حوالے سے ہم پورے ملک میں پیغام پہنچا رہے ہیں، کچھ لوگ چھپ کر زیارتیں کرواتے پیں ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو مذہبی فریضہ سمجھ کر اشتہارات چلانے چاہیے، ہمیں لگ رہا ہے کہ پولیس صحیح سمت میں کام کر رہی ہے ۔

جو تبرکات ہمارے پاس موجود ہیں پنجاب حکومت ان کی حفاظت کرے، عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ ہر تین مہینے بعد پیش رفت رپورٹ جمع کروائے اور پنجاب حکومت باقی تبرکات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کرے ۔ سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے