کالم

نہ پائے رفتن

فروری 11, 2019 3 min

نہ پائے رفتن

Reading Time: 3 minutes

اظہر سید
کھیر تو یہ بنائی تھی شہباز شریف سے ڈیل ہو گی جماعت میں چوہدری نثار کا بھی ایک گروپ ہو گا ۔شہباز شریف کو مرکز میں وزارت عظمی مل جائے گی پنجاب میں ملغوبہ ہو گا ۔چینی شہباز شریف کے مرید ہیں ۔ سی پیک کی سرمایہ کاری ہو گی ۔ نہ نواز شریف ہو گا نہ مریم نواز شریف ۔گلیاں سنجیاں ہوں گی اور مرزا یار اکیلا پھرے گا ۔
مرزا یار پہلے بھی تو پھرتا رہا ہے کبھی جنرل ایوب کے دور میں کبھی جنرل یحیی کے دور میں کبھی جنرل ضیا الحق اور کبھی جنرل مشرف کے دور میں ۔ برا ہو نواز شریف کا اڑ گیا ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے لگا ۔برا ہو چینیوں کا اپنی سرمایہ کاری روک دی ۔برا ہو شہباز شریف کا وزارت عظمی چھوڑ دی بھائی سے بغاوت نہیں کی ۔نہ جماعت ٹوٹی نہ گروپ بنے ۔
برا ہو نئے فخر کا عجلت میں آپریشن کرنا پڑا صرف پنجاب دینا تھا مرکز بھی دینا پڑ گیا ۔انتخابات میں وہ ڈھنڈیا مچی ساری جیت کا مزا کرکرا ہو گیا ۔انگلیاں اٹھنے لگیں آوازیں بلند ہونے لگیں ۔ برا ہو منظور پشتین کا پختون قوم پرستی کو طاقت مل گئی ۔ برا ہو سانحہ ساہیوال کا ساکھ داو پر لگ گئی ۔برا ہو پروفیسر ارمان کے قتل کا وہ بھی متھے لگ گیا ۔ بڑا ہو نئے حکمرانوں کا کوئی پروگرام ہی نہیں تھا ۔انتہائی اعلی نسل کے نکمے نکلے معیشت کا بھٹہ ہی بٹھا دیا ۔
برا ہو ملک ریاض کا چکمہ دیا پیسے لے کر آتا ہوں پانچ سو ارب کا وعدہ کیا باہر جا کر کینسر میں مبتلا ہو گیا ریٹائرمنٹ کی تاریخ سے پہلے آنے کا کوئی امکان نہیں ۔اب کیا ہو گا ؟ شہباز شریف نے نرمی ظاہر کی حمزہ شہباز پتلی گلی سے نکل گیا اب کیسے کسی کو دباو میں لائیں گے ۔نرمی کا جو جھانسا دیا پبلک اکاونٹس کمیٹی کی سربراہی دے دی اب کمیٹی کی سربراہی واپس لیتے ہیں تو بھی مشکل نہیں لیتے تو بھی مسئلہ ۔
برا ہو آصف علی زرداری کا سوچا تھا ڈیل اور ڈھیل کے چکر میں دو تین ارب ڈالر اس سے اور دو تین ارب ڈالر شہباز شریف سے ، نواز شریف سے مل جائیں گے افسوس کچھ ہاتھ نہیں آیا نہ زرداری قابو میں آیا نہ شہباز شریف اور نہ ملک ریاض ۔کاش یہ پیسے دے دیتے بدنامی بھی کرتے اور اپنے نئے فخر کو ہیرو بھی بنا لیتے اور مجے ہی مجے ہوتے ۔مرزا یار ایک دفعہ پھر مجے مجے پھرتا ۔
معیشت تباہ ہو گئی ۔حصص بازار ویران ہو گیا ۔برآمدات ترسیلات زر سمیت کوئی معاشی ہدف حاصل ہونے کا دور دور تک کوئی امکان نہیں ۔ شرح سود بڑھ گئی بجٹ خسارہ بڑھ گیا ۔کاروبار ختم ہو گئے ۔رئیل اسٹیٹ میں سناٹے چھا گئے ۔ آٹو کی صنعت تباہی کے دھانے پر پہنچ گئی ۔عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے ملکی معیشت کی ریٹنگ خراب کر دی ۔نوٹ نہ چھاپیں تو کیا کریں محصولات میں پورے تین سو ارب روپیہ کے خسارے کا خدشہ ہے ۔ترقیاتی پروگرام میں تعطل کرنا۔مجبوری ہے لیکن یہ کیا اس مجبوری کی وجہ سے تمام بڑی صنعتوں کی شرح نمو ہی متاثر ہو گئی ہے ۔روپیہ کی قدر میں 40 فیصد کمی ہو گئی اور دفاعی بجٹ براہ راست متاثر ہو گیا ۔
آئی ایم ایف کے پاس نہ جائیں تو کیا کریں ۔ادائیگیوں کے توازن کیلئے دوست ملکوں نے صرف ٹھینگا دکھایا ہے اور جو پیسے دئے ہیں وہ تو تین ماہ کے تجارتی خسارے کی بھینٹ چڑھ جائیں گے ۔ ملایشیا والوں نے پام آئل ادھار نہیں دیا ۔قطر والے ایل این جی ادھار دینے سے منکر ہیں ۔ترکی والوں سے تین ارب ڈالر کی امید تھی انہوں نے صاف انکار کر دیا ۔چینیی چاہتے تو در در رسوا نہ ہونا پڑھتا لیکن توبہ ہے صاف انکار کر دیا ۔ یہ تو شکر ہے کوئی سوال نہیں کر سکتا جو سوال کرے گا اسے لاپتہ کر دیں گے ۔
مسلہ اصل میں یہ ہے آئی ایم ایف پروگرام سے پہلے ایک بڑی ریٹنگ ایجنسی نے ملکی معیشت کی ریٹنگ کی ایسی تیسی کر دی ہے ۔اب آئی ایم ایف والے عجیب و غریب شرائط رکھ رہے ہیں ۔روپیہ کی قدر میں کمی سے پہلے ہی دفاعی بجٹ دباو کا شکار ہے اوپر سے یہ کہتے ہیں دفاعی بجٹ کم کرو اور روپیہ کی قدر بھی ۔نئے ٹیکس لگانے اور تمام اقسام کی سبسڈی ختم کرنے کے مطالبات بھی کر رہے ہیں ۔
کاش نواز شریف ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ نہ لگاتا ۔کاش شہباز شریف ہاتھ آجاتا ۔کاش چینی سرمایہ کاری نہ روکتے ۔کاش شریف خاندان ،زرداری اور ملک ریاض سے سات آٹھ ارب ڈالر مل جاتے ۔جو تحفہ قوم کو دیا ہے اسے ایک ہفتہ میں عدم اعتماد کی تحریک سے فارغ کردیں لیکن کوئی ضد تو چھوڑے ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے