پاکستان24 متفرق خبریں

مشرف کے اکاؤنٹس سے رقم نکلنے کا پتہ نہ چل سکا

فروری 15, 2019 2 min

مشرف کے اکاؤنٹس سے رقم نکلنے کا پتہ نہ چل سکا

Reading Time: 2 minutes

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سابق فوجی حکمران پرویز مشرف کی جائیداد اور بنک اکاؤنٹس کی نئی تفصیلات پیش کرنے کے بجائے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے مزید مہلت مانگتے ہوئے ایک بار پھر مقدمہ ملتوی کرانے کی درخواست کی ۔

گذشتہ سماعت پر 15 جنوری کو بھی ایف آئی اے نے عدالت سے مشرف کے اکاؤنٹس کی تازہ تفصیلات فراہم کرنے کے لیے مہلت طلب کی تھی جب عدالت کے علم میں لایا گیا کہ سابق صدر کے منجمد اکاؤنٹس میں موجود رقم میں اچانک غیر معمولی کمی دیکھی گئی ہے ۔

اس سے قبل گذشتہ برس 15 دسمبر کو عدالت نے مشرف کے اثاثوں کی تفصیلات پیش نہ کرنے اور سماعت سے غیر حاضر رہنے پر ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز اور تفتیش کرنے والے ایف آئی اے کے ایس ایچ او عظمت محمود کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے تھے ۔ دونوں نے اگلی سماعت پر پیش ہو کر معافی مانگ لی تھی ۔

جمعہ کو پرویز مشرف کی بے نظیر قتل کیس میں مفرور ہونے کے بعد جائیداد ضبطگی کی کارروائی کی سماعت انسداد دہشگردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد اصغر خان نے کی ۔ ایف آئی اے عدالت کے حکم پر مشرف کے 2016 میں منجمد کئے بنک اکاؤنٹس میں موجود رقم میں نمایاں کمی پر جواب داخل نہ کرا سکی ۔

ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مشرف کے اکاؤنٹس میں رقم کم ہونے پر غیر ملکی بنک کی متعلقہ برانچ سے معلومات حاصل کر رہے ہیں ۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ایک ماہ قبل سابق صدر کے فارم ہاؤس، 5 پلاٹوں اور 8 سے زائد بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات عدالت میں پیش کی تھیں، عدالت سابق صدر کی جائیداد کی تفصیلات کے لئے مزید وقت فراہم کرے ۔

عدالت نے ایف آئی اے کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے 15 مارچ تک ملزم مشرف کے اکاؤنٹس کی نئی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ۔

خیال رہے کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں پرویز مشرف کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پیش نہ ہونے پر مفرور قرار دیا تھا جس کے بعد ان کی جائیداد ضبطی کی کارروائی جاری ہے ۔

پرویز مشرف کی جائیداد ضبطی کی کارروائی آرٹیکل 6 کے تحت ان کے خلاف سنگین غداری کا مقدمہ چلانے والی خصوصی عدالت کے حکم پر بھی شروع کی گئی تھی ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے