پاکستان

ثنا چیمہ کے قتل کا فیصلہ، سب بری

فروری 15, 2019 2 min

ثنا چیمہ کے قتل کا فیصلہ، سب بری

Reading Time: 2 minutes

اٹلی سے پاکستان بلا کرمبینہ طور پر قتل کی جانے والی ثنا چیمہ کے کیس کا فیصلہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر گجرات کی مقامی عدالت نے سناتے ہوئے مقتولہ کے والد اور بھائی سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا ہے ۔

مقدمے کا ٹرائل کرنے والی عدالت نے قرار دیا ہے کہ پولیس اور استغاثہ نے ایسے شواہد پیش نہیں کیے جو ملزمان کو مجرم ثابت کرسکیں ۔ عدالت نے لکھا ہے کہ پاکستانی نژاد اطالوی خاتون کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کیا جاتا ہے ۔

ثنا چیمہ کی موت کا گزشتہ برس اپریل میں اس وقت معلوم ہوا تھا جب اٹلی میں اس کے دوستوں نے وہاں کے ذرائع ابلاغ کو بتایا تھا کہ ثنا کو اس کے والدین نے پاکستان بلا کر مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا تھا۔

اس وقت تک مقامی پولیس کو اس واقعہ سے متعلق علم نہیں تھا اور مقدمے کے انداراج میں بھی تاخیر کی جا رہی تھی تاہم حکام کے مطابق پاکستان میں اطالوی سفارت خانے کی مداخلت اور میڈیا میں اس واقعہ سے شائع ہونے والی خبروں کے بعد ثنا چیمہ کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پولیس نے مقتولہ کے والد مصطفیٰ چیمہ، چچا مظہر چیمہ اور بھائی عدنان چیمہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے اُنھیں گرفتار کیا تھا اور یہ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں ہی درج کیا گیا تھا ۔

ثنا چیمہ کی موت کی تفتیش کرنے والے پولیس کے سب انسپکٹر فرقان چیمہ کے مطابق مقتولہ کی قبر کشائی کے بعد جو پوسٹ مارٹم رپورٹ آئی تھی اس میں کہا گیا تھا کہ ثنا چیمہ کی موت گردن کی ہڈی ٹوٹنے سے ہوئی تھی جبکہ مرکزی ملزم ثنا کے والد مصطفیٰ چیمہ نے تفتیش کے دوران بتایا تھا کہ ان کی بیٹی کی موت گھر میں سیڑھیوں سے گرنے کے بعد گردن کی ہڈی ٹوٹنے سے ہوئی تھی۔‘

جمعے کو گجرات کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امیر مختار گوندل نے اس مقدمے میں پیش کیے جانے والے گواہوں کے بیانات اور ثبوتوں کو سامنے رکھتے ہوئے تمام ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا ۔

خیال رہے کہ پولیس نے ثنا قتل کے مقدمے میں مقتولہ کی والدہ کو بھی تفتیش میں شامل کیا تھا لیکن ان کے خلاف کوئی شواہد سامنے نہیں آئے تھے ۔ پولیس نے مقدمے کی تفتیش کے دوران ثنا کے چچا مظہر اقبال کو بھی بے گناہ قرار دیا تھا ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے