کھیل

حارث رؤف ایک میچ سے سپراسٹار

فروری 17, 2019 2 min

حارث رؤف ایک میچ سے سپراسٹار

Reading Time: 2 minutes

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ہفتہ 16 فروری کی شام ٹورنامنٹ کی ہارنے کے لیے بدنام ٹیم لاہور قلندر کو کراچی کنگز کے خلاف جیت سے ہمکنار کرنے والے فاسٹ بولر ایک رات میں پاکستانی کرکٹ شائقین کی لیے سپر اسٹار بن گئے ۔

چار وکٹوں کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لاہور قلندر کے چوبیس سالہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو سوشل میڈیا پر زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ۔ راولپنڈی کی گلیوں میں حارث کے ساتھ ٹیپ بال کرکٹ کھیلنے والے سینکڑوں گمنام کھلاڑیوں نے اس کی تصاویر اپلوڈ کی ہیں ۔

لاہور قلندرز کے بولر حارث رؤف نے کراچی کنگز کے خلاف تیز رفتار گیندیں کرتے ہوئے 17 ویں اور 19 ویں اوور دو، دو بلے بازوں کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی ۔ حارث نے اپنی ٹیم کی جانب سے 19 ویں اوور مسلسل دو گیندوں پر کراچی کنگز کے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے حارث رؤف نے عماد وسیم، سہیل خان، روی بوپارہ اور محمد رضوان کو پویلین بھیجا ۔

حارث کے شہرت پانے کے بعد راولپنڈی اسلام آباد سے سینکڑوں فیس بک ٹوئٹر صارفین اس کے ساتھ اپنی تصاویر پوسٹ کر کے بتا رہے ہیں کہ وہ اس نوجوان فاسٹ بولر کے ساتھ فٹ بال گراؤنڈز اور گلیوں، سڑکوں پر بھی کرکٹ کھیل چکے ہیں ۔

راولپنڈی کے اس نوجوان فاسٹ بولر کے والدین اپنے بیٹے کے شوق کے خلاف اور اسے وقت کا ضیاں سمجھتے تھے ۔ حارث نے شوق برقرار رکھنے اور گھر والوں کو مطمئن کرنے کے لیے ایک دکان پر جزوقتی سیلزمین کے طور پر بھی کام کیا ہے ۔

حالیہ پی ایس ایل کے لیے لاہور قلندر نے رائز نگ اسٹارز پروگرام کے تحت گوجرانوالہ میں ٹرائلز منقعد کیے تو حارث رؤف کو اس کا شوق اور جنون گوجرانوالہ لے گیا ۔ حارث نے ٹرائلز میں تیز رفتار بولنگ کا مظاہرہ کیا تو کوچ عاقب جاوید نے اس ٹیلنٹڈ نوجوان کے کرکٹ کے کیرئر کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ۔

لاہور قلندر نے حارث رؤف کو کیرئر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت آسٹریلیا بھیجا جہاں اس کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور مزید سیکھنے کا موقع ملا ۔ آسٹریلیا کے مقامی کلب ہاکسبری نے حارث کے ساتھ معاہدہ کیا اور اسی دوران آسٹریلوی دورے پر آئی انڈین ٹیم کے ورلڈ کلاس بلے بازوں کو حارث رؤف نے نیٹ پریکٹس میں بولنگ کی ۔

پاکستان کے کئی سابق کرکٹرز نے کراچی کنگز کے خلاف حارث کی شاندار بولنگ کو دیکھتے ہوئے اسے مستقبل کا سپر اسٹار قرار دیا ہے ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے