پاکستان پاکستان24

سرمایہ کاری کا پہلا مرحلہ مکمل، ولی عہد

فروری 18, 2019 2 min

سرمایہ کاری کا پہلا مرحلہ مکمل، ولی عہد

Reading Time: 2 minutes

سعودی ولی عہد کی اسلام آباد آمد پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے متعدد سمجھوتوں پر دست خط کر لیے گئے ہیں ۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے 20 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے ۔

اسلام آباد میں اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ پاکستان مستقبل میں بہترین قیادت کی بدولت ایک ترقی یافتہ ملک بن کر ابھرے گا۔

اتوار کی شب وزیراعظم ہاؤس ،اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے ولی عہد کا کہنا تھا کہ ”مشرقی ملکوں کے دورے پر روانہ ہوتے وقت سب سے پہلا پاکستان کا انتخاب کیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان شاندار تاریخی اور گہرے تعلقات استوار ہیں۔؛

وزیراعظم عمران خان نے اس سے قبل ولی عہد کی آمد پر اپنے خیر مقدمی کلمات میں کہا کہ پاکستان میں سعودی عرب اور اس کی قیادت کا ایک خاص مقام ہے اور وہ ہمیشہ وقتِ ضرورت پاکستان کا دوست رہا ہے، اس لیے اسلام آباد سعودیہ کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انھوں نے ولی عہد سے کہا کہ ”مشکل حالات میں مدد کرنے پر ہم آپ کے شکرگزار ہیں۔؛

عمران خان نے شہزادہ محمد بن سلمان سے مخاطب ہوکر کہا کہ ”اگر سکیورٹی کا مسئلہ نہ ہوتا تو آج آپ شاہراہوں پر ہزاروں پاکستانیوں کو اپنا استقبال کرتے ہوئے دیکھتے۔آج پاکستانیوں کے لیے ایک عظیم دن ہے۔؛

پاکستان کے وزیراعظم نے اس موقع پر سعودی ولی عہد سے درخواست کی کہ وہ سعودی عرب کی جیلوں میں معمولی جرائم میں قید قریباً تین ہزار پاکستانیوں کی رہائی میں ذاتی دلچسپی لیں اور روزگار کے سلسلے میں مقیم قریباً بیس لاکھ پاکستانیوں کے معاملات کا بھی دلچسپی کے ساتھ جائزہ لیں ۔ انھوں نے یہ بھی درخواست کی کہ پاکستانی عازمینِ حج کو ملک کے تین ہوائی اڈوں ہی پر امیگریشن کی سہولت مہیا کی جائے۔

ائرپورٹ پر استقبال

جواب میں شہزادہ محمد بن سلمان نے یقین دہانی کرائی کہ وہ خود ان تمام معاملات کو دیکھیں گے۔ استقبالیہ تقریب سے قبل وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی ۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے وزراء اور حکام نے پیٹرو کیمیکلز، معدنیات، زراعت، توانائی، قابلِ تجدید توانائی اور دوسرے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے منصوبوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے متعدد سمجھوتوں پر دست خط کیے ہیں ۔ ان تمام سمجھوتوں کی کل مالیت بیس ارب ڈالرز کے لگ بھگ ہوگی۔

سمجھوتوں کے نتیجے میں شروع ہونے والے منصوبوں پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے سعودی عرب اور پاکستان کی ایک مشترکہ رابطہ کونسل قائم کی جائے گی۔ اس کے سربراہ سعودی ولی عہد اور عمران خان خود ہوں گے۔اس کونسل کے قیام کی تجویز سعودی ولی عہد ہی نے پیش کی تھی۔ اس میں دونوں ممالک کے وزراء شامل ہوں گے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے