پاکستان

غلط شناخت پریڈ پر مجسٹریٹ کو معافی

فروری 22, 2019 2 min

غلط شناخت پریڈ پر مجسٹریٹ کو معافی

Reading Time: 2 minutes

سپریم کورٹ نے دس برس قبل قتل کے ایک مقدمے میں غلط شناخت پریڈ کرانے والے مجسٹریٹ کی معافی قبول کرتے ہوئے لیا گیا نوٹس نمٹا دیا ہے ۔

دس برس قبل مجسٹریٹ رہنے والے کنور انوار علی سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور معافی مانگی ۔

چیف جسٹس آصف کھوسہ نے دو رکنی بینچ کی سربراہی کرتے ہوئے انوار علی سے کہا کہ آپ سے غلطی ہوگئی تھی ۔

کنور انوار علی نے عدالت سے معافی مانگتے ہوئے جواب دیا کہ میں انتظامی افسر تھا، شناخت پریڈ والے دن میرا ملازمت پر دسواں دن تھا ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے آپ سے ہمدردی ہے، غلطی ان کی تھی جنہوں نے آپ کو تعینات کیا، آپ نے مدلل تحریری جواب دیا ہے، شناخت پریڈ کا تعلق فوجداری یا سول قانون سے نہیں بلکہ پولیس رولز کے ساتھ ہے ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ مدعی جس ملزم کو شناخت کرے عدالت کے روبرو اس پر جرح لازم ہے، شناخت پریڈ میں احتیاط کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے ۔

عدالت نے کنور انوار علی کی معافی قبول کرتے ہوئے ان کے جواب کی روشنی میں کارروائی ختم کر دی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کنور انوار علی انتظامی افسر تھے، مجسٹریٹ لگانا ریاست کی غلطی تھی، انوار علی کی قانون سے متعلق تربیت بھی نہیں تھی ۔

عدالت نے قرار دیا کہ اعلیٰ عدلیہ نے شناخت پریڈ قانون کے حوالے سے تفصیلی فیصلے دے رکھے ہیں ۔ جسٹس خلیل الرحمٰن رمدے اس پر بہت اچھا فیصلہ دے چکے ہیں، لائن میں کھڑا کر کے شناخت پریڈ کروانا درست نہیں، ہر شخص کی شناخت پریڈ الگ سے ہونی چاہیے، ٹرائل عدالت میں شناخت پریڈ کے دوران گواہوں کا تحفظ بھی لازمی ہے، مستقبل میں اس طرح کی غلطیوں سے اجتناب ضروری ہے ۔

سپریم کورٹ نے حکم میں کہا کہ عدالتی آرڈر کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیا جائے گا، اس حکم نامے کی نقول تمام ہائیکورٹ رجسٹرار، مجسٹریٹ اور سول ججز تک پہنچائی جائیں ۔

خیال رہے کہ2009 میں غلط شناخت پریڈ پر ملزم اسفند یار کو سزائے موت سنائی گئی تھی ۔ سپریم کورٹ نے 12 فروری کو اپیل کی سماعت کرتے ہوئے قانون کے مطابق شناخت پریڈ نہ کیے جانے کا نوٹس لے کر اس وقت کے جسٹریٹ کو طلب کیا تھا ۔

مقدمہ لاہور کے رہائشی عادل بٹ کے قتل کا تھا جس میں ملزم اسفندیار کی شناخت ہریڈ کرائی گئی تھی ۔ اس وقت کے مجسٹریٹ کنور انوار علی آج کل حکومت پنجاب میں ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ہیں ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے