پاکستان

انڈین آبدوز تباہ کیوں نہ کی؟

مارچ 5, 2019 2 min

انڈین آبدوز تباہ کیوں نہ کی؟

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنی سمندری حدود میں داخل ہونے والی ایک انڈین آبدوز کو واپس جانے پر مجبور کیا ہے ۔

بحریہ کی جانب سے جاری کیے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سمندر میں انڈین آبدوز کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا اور اسے اپنے پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ۔

پاکستانی بحریہ بیان کے مطابق ’انڈین آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔‘

 بحریہ کی جانب سے اس واقعہ کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس پر نظر آنے والے وقت کے مطابق یہ واقعہ 4 مارچ کی شب ساڑھے آٹھ بجے کے لگ بھگ پیش آیا ۔

انڈیا کی حکومت یا بحریہ کی جانب سے تاحال اس دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

پاکستانی بحریہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حکومت کی انڈیا کے ساتھ امن قائم رکھنے کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔‘

بحریہ کے جاری کیے گئے بیان کے مطابق نومبر 2016 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب پاکستانی بحریہ نے انڈین آبدوزکا سُراغ لگایا ہے ۔

یاد رہے کہ 14 نومبر 2016 کو بھی پاکستان کی بحریہ نے اسی طرح کا ایک دعوی کیا تھا جسے انڈین بحریہ نے مسترد کر دیا تھا ۔

حالیہ واقعہ کے بارے میں پاکستانی بحریہ کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے ۔

انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں 14 فروری کو نیم فوجی دستوں کی گاڑی پر خودکش حملے میں ہلاکتوں اور 26 فروری کو انڈین فضائیہ کے پاکستان کے علاقے بالاکوٹ کے قریب کارروائی کے بعد پاکستانی ائرفورس نے اپنی حدود میں انڈین مگ طیارہ مار گرایا تھا ۔

گرائے گئے طیارے کے پائلٹ کو حراست میں لینے کے بعد انڈیا کے حوالے کر دیا گیا تھا تاہم کشیدگی میں کمی کے لیے دونوں ملکوں نے تاحال براہ راست کوئی رابطہ نہیں کیا ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے