پاکستان24 متفرق خبریں

ایان علی اشتہاری قرار

مارچ 9, 2019 2 min

ایان علی اشتہاری قرار

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں صوبہ پبجاب کی ایک عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد ماڈل ایان علی کو مسلسل عدم حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا ہے ۔

راولپنڈی کی مقامی عدالت نے ملزمہ کے تمام اثاثے منجمد کرنے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت نے ڈسٹرکٹ سیشن جج کراچی کو مجسٹریٹ مقرر کرکے ملزمہ کی پراپرٹی سیل کرنے اور 18 مارچ تک رپورٹ بھیجنے کی ہدایت بھی کی ہے ۔

صحافی یاسر حکیم کے مطابق عدالت نے ملزمہ کے پانچ پانچ لاکھ مالیت کے دونوں ضمانتی مچلکے بھی ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر ضامنوں کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ۔

ہفتہ کے روز کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعت کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کی ۔ سماعت کے دوران ملزمہ کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کہا ۔

جج ارشد حسین نے کہا کہ ملزمہ کو دوماہ کا وقت دیا گیا لیکن اس کے باوجود وہ عدالت میں پیش نہ ہوئی ۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ تین سال تین ماہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو رہی ۔

عدالت نے مقدمے کے تفتیشی افسر سے حلف لیتے ہوئے پوچھا کہ کیا ملزمہ کے قابل ضمانت اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری گھر کے دروازے پر چسپاں کیئے گئے یا نہیں؟

تفتیشی افسر نے بتایا کہ قانون کے مطابق گھر اور چوراہے پر اشتہار چسپاں کیے گئے ۔ عدالت نے ملزمہ کی جائیداد کی تفصیلات طلب کیں اور ملزمہ کے فلیٹ کے بارے میں ڈسٹرکٹ سیشن جج کراچی کو خط لکھ کر مجسٹریٹ مقرر کرنے کا حکم دیا ۔

عدالت نے قرار دیا کہ ڈسٹرکٹ سیشن جج مجسٹریٹ مقرر کرکے ملزمہ کی پراپرٹی کو فروخت ہونے سے روکنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو پابند کرے اور اس حوالے سے رپورٹ 18 مارچ کو عدالت میں پیش کی جائے ۔

عدالت نے ملزمہ کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے اس کے تمام اثاثے ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے