پاکستان

پرویز اشرف اور بابر اعوان پر فرد جرم عائد

مارچ 11, 2019 < 1 min

پرویز اشرف اور بابر اعوان پر فرد جرم عائد

Reading Time: < 1 minute

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور وزیر قانون پر اسلام آباد کی احتساب عدالت میں کرپشن ریفرنس میں فرد جرم عائد کی گئی ہے ۔

راجا پرویز اشرف اور بابر اعوان سمیت سات ملزمان پر فرد جرم نندی پور پاور پراجیکٹ مکمل کرنے میں تاخیر کا باعث بننے پر عائد کی گئی ۔

قومی احتساب بیورو نیب نے اس کرپشن ریفرنس میں سابق سیکرٹری قانون ریاض کیانی، مسعود چشتی اور سابق کنسلٹنٹ شمیلہ محمود کو بھی شامل کیا ہے ۔

عدالت میں فرد جرم سننے کے بعد تمام ملزمان نے الزامات قبول کرنے سے انکار کیا ہے ۔

نندی پور پاور پراجیکٹ کرپشن ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کی ۔
شریک ملزمان میں سابق جوائنٹ سیکرٹری ریاض محمود اور سابق سیکرٹری شاہد رفیع بھی شامل ہیں ۔
فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد بابر اعوان نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس کی روزانہ سماعت کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے استدعا کی کہ آئندہ سماعت پرچار گواہ طلب کئے جائیں ۔

نیب کے پراسیکوٹر نے کہا کہ نوازشریف کیس میں بھی گواہوں کو تیاری کا وقت ملتا تھا، اس کیس کو جلد مکمل کرنے کے لیے سپریم کورٹ کی ہدایت نہیں ہے۔

نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ کیس کو کل کے لیے نہیں رکھا جا سکتا ۔ بابر اعوان نے کہا کہ سات سال میڈیا ٹرائل کیا گیا،اب نیب اصل ٹرائل سے نیب بھاگ رہی ہے ۔

خیال رہے کہ الزام ہے کہ سنہ ۲۰۱۱ میں نندی پور پاور پراجیکٹ کے لیے لائی گئی مشینری کو کراچی پورٹ سے کلیئر کیے جانے میں تاخیر اس وقت کے وزیرقانون بابر اعوان نے کی تھی جس کی وجہ سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے